• news

عوام ظالمانہ مہنگائی سے تنگ آچکے‘ طفل تسلیوں سے مشکلات کم نہیں ہونگی: زبیر ظہیر


لاہور (نوائے وقت رپورٹ) اسلامی جمہوری اتحاد پاکستان کے سربراہ اور مرکزی جماعت اہل حدیث پاکستان کے امیر علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہا ہے کہ ظالمانہ مہنگائی عوام کی برداشت سے باہر ہوچکی ہے۔ بجلی بلوں پر بے رحمانہ بھاری ٹیکس ادا کرنے کی لوگوں میں سکت ہی نہیں تو وہ کیسے ادا کریںگے۔ گزشتہ روز جامعہ عمر بن عبدالعزیز لاہور میں کمر توڑ مہنگائی پر مرکزی مجلس عاملہ کے ایک ہنگامی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ اجلاس میں خصوصی طورپر مرکزی سیکرٹری جنرل پروفیسر عدنان فیصل‘ پنجاب کے صدر میاں اصغر‘ مولانا ضیاءالرحمن فاروقی اور علامہ شاہد سلیم نے بھی خطاب کیا۔ علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہا کہ حکمران عوام دشمنی سے باز آجائیں۔ ان کے خوبصورت بیانات اور طفل تسلیوں سے قوم کی مشکلات ختم نہیں ہو سکتی۔ عوام کا پیمانہ صبر لبریز ہو چکا ہے۔ نگران حکمران نوشتہ دیوار پڑھیں اور پی ڈی ایم کے نقش قدم پر چل کر عوام دشمنی کرنے کی بجائے فوری طورپر مہنگائی ختم کرنے کیلئے عملی اقدامات اٹھائیں۔ علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہا کہ اگر عوام کو کوئی ریلیف نہ ملا تو پھر حالات کی تمام تر ذمہ داری حکمرانوں اور افسر شاہی پر ہوگی۔
زبیر احمد ظہیر

ای پیپر-دی نیشن