16 مہینے موج میلہ کرنیوالے عوام کو تکلیف دیکر لندن بھاگ گئے: شیخ رشید
راولپنڈی (آئی این پی ) سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ 16 مہینے موج میلہ کرنے والے اور کپڑے بیچ کر ریلیف دینے والے عوام کو تکلیف دے کر لندن بھاگ گئے ہیں۔ اتوار کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر اپنے بیان میں شیخ رشید نے کہا کہ بڑے لوگ بجلی چوری کرتے ہیں اور بوجھ سارا غریبوں کے بلوں پر ڈال دیا جاتا ہے، اگلے مہینے پٹرول اور بجلی کا بل آگ پر پٹرول ڈالے گا، الیکشن وقت پر ہونگے یا نہیں اس سے زیادہ اہم اور سنگین مسئلہ اگلے مہینے لوگوں کیلئے پٹرول اور بجلی کا بل ادا کرنا ہے۔ سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ لوگ بغیر کسی لیڈر اور جماعت کے سڑکوں پر آگئے ہیں اور ستمبر ستمگر ثابت ہو سکتا ہے، 16 مہینے موج میلہ کرنے والے اور کپڑے بیچ کر ریلیف دینے والے عوام کو تکلیف دے کر لندن بھاگ گئے ہیں، نگران حکومت کیا کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کا نام ہی ریاست ہے، عوام سول نافرمانی کی طرف بڑھ رہے ہیں، بجلی کا بل دوگنا ہوگیا ہے اور اگلے مہینے شائد یہ مسئلہ سنگین ہو جائے، عوام کا ردعمل سیاسی نہیں قدرتی ہے کیونکہ ان کے پاس وسائل ہی نہیں کہ وہ آٹا خریدیں، بجلی کا بل بھی دیں مکان کا کرایہ اور بچے کی فیس بھی دیں۔ سربراہ عوامی مسلم لیگ نے مزید کہا کہ ساری الیکٹرک کمپینوں نے اپنی گاڑیوں کی نمبر پلیٹیں بھی خوف کے مارے ہٹا دی ہیں، فائلر اور نان فائلر میں کوئی فرق نہیں رہا، دونوں کو کسی نا کسی طریقے سے ٹیکس دینا پڑ رہا ہے، بھوک سے مارے لوگ ریسکیو 15 پر کال کر رہے ہیں جتنا روپیہ گرے گا وہ سارا بوجھ عام آدمی پر پڑے گا۔
شیخ رشید