مقبوضہ کشمیر کی خواتین کی عظمت کوسلام جوجارحیت کا مقابلہ کررہی ہیں:سردار عتیق
مظفرآباد(این این آئی) آل جموں وکشمیرمسلم کانفرنس کے صدر وسابق وزیراعظم سردارعتیق احمدخان نے کہا ہے کہ ہم مقبوضہ کشمیر کی خواتین کی عظمت کوسلام پیش کرتے ہیں جو ہندوستانی جارحیت کا بھرپور مقابلہ کررہی ہیں۔ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں خواتین پر ہونے والے مظالم کانوٹس لے اور مقبوضہ کشمیر میں جاری ہندوستانی مظالم کو بند کروائے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو معاشرے میں بہت سے مسائل کا سامنا ہے جس کاتدارک وقت کی ضرورت ہے۔ان خیالات کااظہارانہوں نے ایم ایل اے ہاسٹل میں مرکزی چیئرپرسن مسلم کانفرنس خواتین ونگ سمعیہ ساجد، مرکزی جنرل سیکرٹری مسلم کانفرنس خواتین ونگ کوثر پروین اعوان ایڈووکیٹ، مرکزی وائس چیئرپرسن مسلم کانفرنس خواتین ونگ نسرین اختر راجہ ودیگر سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ میں ان تمام خواتین رہنماﺅں کا شکریہ ادا کرتاہوں کہ جنہوں نے 23اگست یوم نیلہ بٹ کے جلسہ میں کثیرتعداد میں شرکت کی ۔انہوں نے کہا کہ 5 اگست 2019ءکو بھارت کی مودی سرکار نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کو منسوخ کرتے ہوئے علاقے کا فوجی محاصرہ کرلیا تھا اور متنازع اقدامات کے خلاف مزاحمت روکنے کے لیے ریاستی طاقت کا غیر انسانی استعمال کیا گیا تھا تاکہ مسلم اکثریتی علاقوں کو اقلیت میں تبدیل کیا جاسکے۔ مقبوضہ وادی میں احتجاج روکنے کے لیے ہزاروں کی تعداد میں اضافی نفری تعینات کرتے ہوئے مقبوضہ وادی کے داخلی و خارجی راستے سیل کردیے گئے تھے جو آج باسی طرح بند ہیں اور کرفیو ختم نہیں کیا جا سکا۔کشمیریوں کی آزادی کے حصول کے لئے جاری لازوال جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہیں۔
سردار عتیق