• news

سرکاری سکولوں کو 2 ماہ بعد بھی نان سیلری بجٹ نہ مل سکا مالی معاملات مخدوش :چوہدری سرفراز

لاہور(لیڈی رپورٹر) پنجاب ٹیچرز یونین کے مرکزی صدر چوہدری سرفراز، رانا لیاقت، سعید نامدار، رانا انوار، نادیہ جمشید، ملک مستنصر باللہ اعوان، آغا سلامت، چوہدری محمد علی، میاں ارشد، رانا الیاس، چوہدری عباس، طارق زیدی، مرزا طارق، رانا خالد، طاہر اسلام، غفار اعوان، نذیر گجر، اختر بیگ ودیگر نے کہا ہے کہ سرکاری سکولوں کو 2 ماہ گزرنے کے باوجود پہلے کوارٹر کا نان سیلری بجٹ سکول اکاؤنٹ میں منتقل نہیں ہوسکا۔ نان سیلری بجٹ کی عدم فراہمی کی وجہ سے طلباء کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور یوٹیلیٹی بلز کی ادائیگی ناممکن ہو چکی ہے۔ پچھلے مالی سال میں نان سیلری بجٹ کی 4 اقساط کی بجائے 3 اقساط اور رقم بھی کم دی گئی۔ اساتذہ نے جیسے تیسے سکولوں کا نظم ونسق کا سلسلہ جاری رکھا اب حالات بے لگام مہنگائی کی وجہ سے بے قابو ہو چکے ہیں۔ ان مخدوش مالی حالات میں سکولوں کی صفائی ستھرائی ، رنگ و روغن ، سکیورٹی انتظامات ، تعمیر و مرمت ، سکول بیس اسسمنٹ کے اخراجات ، فرنیچر اور صاف پانی کی فراہمی کیسے ممکن ہے۔ لہٰذا وزیر اعلیٰ پنجاب ، وزیر تعلیم اور سیکرٹری سکولز پنجاب سے مطالبہ ہے کہ سرکاری سکولوں کو ملنے والے نان سیلری بجٹ میں 100 فیصد اضافہ اور بروقت فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور فروغ تعلیم فنڈ 20 روپے کی بجائے پرائمری سطح تک 50 روپے ، مڈل 100 روپے ، سیکنڈری سطح پر 200 روپے ماہانہ مقرر کیا جائے تاکہ ہوش ربا مہنگائی میں سرکاری سکولوں کے انتظام و انصرام کیلئے فنڈز دستیاب ہو سکیں۔

ای پیپر-دی نیشن