• news

حکمران عوام پر مہنگائی میں اضافہ کرکے موت کی طرف دھکیل رہے ہیں:عبد الغفار روپڑی

لاہور (خصوصی نامہ نگار) حکمران عوام پر مہنگائی کے عذاب میں اضافہ کرکے موت کی طرف دھکیل رہے ہیں۔ بجلی کے بل ادا کرنے کی سکت نہیں رہی۔ محلات میں رہنے والے قوم کی حالت سے بے خبر ہیں۔ یہ بات جماعت اہلحدیث پاکستان کے امیر مولانا حافظ عبد الغفار روپڑی نے جامعہ القدس چوک دالگراں میں جماعت اہلحدیث لاہور کے زمہ داران سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر مولانا حافظ عبد الوحید شاہد مولانا شکیل الرحمن ناصر مولانا حافظ امجد اقبال گھمن میجر عبد المجید مولانا بشیر سلفی اور دیگر علمائے کرام بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے دن بدن مہنگائی کے عذاب میں اضافہ کرکے لوگوں کو خود کشیوں پر مجبور کر دیا ہے۔ بجلی گیس اور روز مرہ کی اشیاء عوام کی پہنچ سے دور ہو چکی ہیں۔ عوام ایک وقت کی روٹی کو ترس رہے ہیں۔ بجلی کے بل کہاں سے ادا کریں۔ آئی ایم ایف سے معاہدے کرتے ہوئے حکمران آندھے ہو جاتے ہیں کہ اس ملک کی آبادی میں غریبوں اور کم آمدنی والے طبقے کی اکثریت ہے۔ ان کا خیال ان حکمرانوں کے دلوں سے نکل جاتا ہے اور آئے روز ٹیکسوں کی آڑ میں مہنگائی کے پہاڑ غریب اور بے کس عوام پر گرائے جا رہے ہیں۔ حکومت بجلی پٹرول اور گیس کے بلوں میں فوری ریلیف کا اعلان کرے وگرنہ عوام حکمرانوں کے گریبان سے پکڑ کر نکال باہر کرے گی۔

ای پیپر-دی نیشن