جے یو آئی نے پٹرول ، بجلی پر بے تحاشا ٹیکسوں کی فوری واپسی کا مطالبہ کردیا
لاہور(خصوصی نامہ نگار) جے یو آئی نے پٹرول اور بجلی پر بے تحاشا ٹیکسوں کی فوری واپسی کا مطالبہ کیا ہے۔ جے یوآئی کے مرکزی رہنماؤں مولانا محمد یوسف، مولانا عبدالقیوم ھالیجیوی،مولانا فضل علی حقانی، مولانا محمد امجد خان،محمد اسلم غوری،مولانا صلاح الدین ایوبی نے کہاہے کہ مہنگائی کے ستائے ہوئے عوام پر بجلی اور پٹرول کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ بڑا امتحان بن گیا ہے۔ عوام ڈپریشن کا شکارہوگئے ہیں۔ ایسے اعلانات ڈرون حملے سے زیادہ خطرناک ہیں۔ انہوں نے ا س بات پر زور دیا کہ نگران وزیر اعظم اس حساس مسئلے پر فوری حل قوم کو دیں۔ بجلی کے بلوں میں اضافی ٹیکس اور پٹرول کی قیمتوں میں اضافے سے آئی ایم ایف والے تو خوش ہوں گے لیکن غریب کا کچومر نکل جائے گا۔ نگران حکومت عوام کو فوری ریلیف دینے کیلئے عملی طور پر اقدامات کر تے وقت کی اہم ضرورت ہے ۔نہیں تو حالات خراب ہو سکتے ہیں۔ عوام آئی ایم ایف کی پالیسیوں کو برداشت نہیں کرسکتے۔ غریب عوام آئی ایم ایف کا بوجھ برداشت نہیں کرسکتے۔ حکومت بیرونی اشاروں پر فیصلے کرنے سے پہلے مہنگائی کے بوجھ تلے دبی قوم کا بھی کچھ خیال کرے۔اشرافیہ کو دی گئی سہولتیں فی الفور واپس لی جائیں۔