میڈیکل ٹیچرز، نوجوان ڈاکٹرز کو جدید تحقیق سے ہم آہنگ رکھیں: پرنسپل پی جی ایم آئی
لاہور(نیوز رپورٹر)پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر الفرید ظفر نے کہا ہے کہ میڈیکل ٹیچرز نوجوان ڈاکٹروں کی تعلیم و تربیت اور انہیں طبی دنیا میں ہونے والی جدید تحقیق اور ایڈوانسمنٹ سے ہم آہنگ رکھنے اور ان کا نالج اپ ڈیٹ رکھنے کیلئے بھرپور پیشہ وارانہ لگن اور محنت کے ساتھ اپنا مشن جاری رکھیں تاکہ مستقبل کی ضروریات پوری کرنے کیلئے میڈیکل فیلڈمیں ہونہار، قابل اور تربیت یافتہ ہیومن ریسورس دستیاب ہوں۔ ان خیالات کاا ظہار پروفیسر الفرید ظفر نے پروفیسر ڈاکٹر غیاث النبی طیب کے اعزاز میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس کا اہتمام پروفیسر آف میڈیسن ڈاکٹر اسرار الحق طور و دیگر گیسٹروانٹر نا لوجسٹس نے مقامی ہوٹل میں کیا۔ تقریب میں طب سے وابستہ ممتاز شخصیات اور ڈاکٹرز کثیر تعداد میں شریک ہوئے۔ پروفیسر اسرار الحق طور نے پروفیسر غیاث النبی طیب کی طب کے میدان میں گراں قدر خدمات پر خراج تحسین پیش کیا۔ پرنسپل پی جی ایم آئی نے پروفیسر غیاث النبی طیب کی اعلیٰ صلاحیتوں کے پیش نظر انہیں ادارے میں پروفیسر آف ایمریٹس بنانے اور لاہور جنرل ہسپتال میں سٹیٹ آف دی آرٹ شعبہ گیسٹرو انٹرنالوجی و تشخیصی سینٹر کو ان کے نام سے منسوب کرنے کا اعلان کیا۔ پروفیسر الفرید ظفر کا کہنا تھا کہ سائنسدان،اساتذہ اور ڈاکٹرز سرکاری ملازمت سے ریٹائر ہونے کے بعد بھی اپنا مشن جاری رکھتے ہیں۔شرکاء نے پروفیسر غیاث النبی طیب کو تحائف، پھول اور دیگر اشیاء دے کر رخصت کیا اور ان کیلئے خصوصی دعائیں کیں۔