رواں سال منشیات فروشی کے 7021مقدمات‘7148 ملزم گرفتار
لاہور (نامہ نگار) لاہورپولیس صوبائی دارالحکومت کو ڈرگ فری سٹی بنانے کیلئے سرگرم عمل ہے۔ لاہور پولیس نے رواں سال میں اب تک صوبائی دارالحکومت لاہورمیں منشیات کے7021مقدمات درج کرکے7148 ملزمان کو گرفتار کرکے جیل بھجوایا ہے۔سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ نے کہا ہے کہ گرفتار ملزمان کے قبضہ سے 4249کلو سے زائد چرس،101 کلوسے زائد ہیروئن،42کلوسے زائد آئس اور 1لاکھ 21ہزار سے زائد لیٹرشراب بھی برآمد کی گئی۔ لاہور پولیس کی جانب سے منشیات فروشوں کیخلاف جاری خصوصی کریک ڈاؤن کے دوران لاہور کے مختلف تھانہ جات میں 227مقدمات درج کئے گئے ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق رواں سال کینٹ ڈویژن میں 1526مقدمات درج کر کے 1544 ملزمان اورسول لائن ڈویژن میں 710مقدمات درج کر کے 723 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔ سٹی ڈویژن میں 1467مقدمات درج کر کے 1488 ملزمان اوراقبال ٹاؤن ڈویژن میں 1079مقدمات درج کر کے 1091 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔ صدرڈویژن میں 873مقدمات درج کر کے 899ملزمان اور ماڈل ٹاؤن ڈویژن میں 1366مقدمات درج کر کے 1403 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔ متعلقہ افسران کو تعلیمی اداروں اور ہاسٹلز کے اطراف میں منشیات فروشوں کی سرکوبی کیلئے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز مزید تیز کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔نشے کے عادی افراد کی بحالی کیلئے موثر لائحہ عمل تشکیل دیا جارہا ہے۔ منشیات فروشی کے قلع قمع میں ناقص کارکردگی کے حامل افسران کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔