فیروز والہ : جعلی میڈیکل سٹوروں کو ہزاروں روپے رشوت لے کر ڈی سیل کرنے کا انکشاف
فیروز والہ (نامہ نگار) حکومت پنجاب کے ماتحت ایک سرکاری ادارہ کے حکام نے محکمہ صحت ڈسٹرکٹ شیخوپورہ میں کرپشن کے ایک نیٹ ورک کا سراغ لگا کر اس کی رپورٹ مرتب کر کے حکومت پنجاب کو بھیج دی ہے ذرائع کے مطابق رپورٹ میں کہا گیاہے کہ منشیات بیچنے اور کوالیفائیڈ پرسن کے بغیر چلنے والے میڈیکل سٹوروں کو سربمہر کر کے 20 تا 30 ہزار روپے فی سٹور رشوت لے کر ڈی سیل کر دیا جاتا ہے ۔ یہ کام ڈی ڈی ایچ او کا کلرک کرتا ہے۔ کیلے سٹاپ فاروق آباد میں چند روز قبل 6 میڈیکل سٹوروں کو سربمہر کیا گیا تھا مگر بعدازاں ان کے مالکان سے ہزاروں روپے رشوت لے کر سٹوروں کو کھول دیا گیا۔ اتائیوں سے بھی ماہانہ رشوت لے کر ان کو لوگوں کی زندگیوں سے کھیلنے کی اجازت ملی ہوئی ہے۔ محکمہ صحت نے ان الزامات کی تصدیق نہ کی ہے۔