تقدیر آئی ایم ایف پالیسیوں سے نہیں ،آقاؐ کے نظام سے بدلے گی:غلام شبیر قادری
لاہور (خصوصی نامہ نگار)مجاہد ملت مولانا محمد عبدالستار خان نیازی ٹرسٹ کے مرکزی صدر جمعیت علماء پاکستان کے سنیئر رہنما میاں غلام شبیر قادری نے ٹان شپ میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا پاکستان کی تقدیر آئی ایم ایف کی پالیسیوں پر عمل درآمد سے نہیں ،مدینے والے آقاؐ کے نظام سے بدلے گی۔ حکمران بلا تاخیر نظام مصطفی کی طرف لوٹ آئیں فلاح اور کامیابی اسی میں ہے۔ حکمران تنگ آمد بجنگ آمد سے پہلے پہلے مہنگائی کو کنٹرول کر لیں۔ عوام گھروں سے نکل پڑھی تو کوئی روکنے والا نہ ہوگا۔ انہوں نے کہا پاکستان کے معاشی حالات آئی ایم ایف کی پالیسیوں سے نہیں نظام مصطفی کے نفاذ سے سدھریں گے۔آئی ایم ایف کی پالیسیوں کے نتیجے میں بجلی اور پٹرول کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں۔ بظاہر یوں محسوس ہو رہا ہے کہ مہنگائی کے جن کو بوتل میں بند کرنے والا کوئی نہیں عوام کو مہنگائی کی بے رحم چکی نے پیس کر رکھ دیا ہے۔ یہود و ہنود نے آئی ایم ایف کے ذریعے پاکستان کو معاشی غلام بنا رکھا ہے۔ بحیثیت پاکستانی قوم ہمیں ظالمانہ پالیسیوں کو مسترد کرتے ہوئے آئی ایم ایف کی غلامی سے نکلنا ہوگا۔ پاکستانی قوم غلامی سے نکلے بغیر امن سکون فلاح اور کامیابی حاصل نہیں کر سکتی۔