• news

پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کا اجلاس، بجٹ منظور

لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی نے بورڈ کا مالی سال 24-2023 کا بجٹ منظور کرلیا، اجلاس میں چیئرمین ذکا اشرف نے کمیٹی ارکان کو مختلف امور پر اعتماد میں لیا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کا دوسرا اجلاس چیئرمین ذکاء اشرف کی صدارت میں منعقد ہوا۔کمیٹی کے دس میں سے دو ارکان مصطفی رمدے اور ذوالفقار ملک اجلاس میں آن لائن کے ذریعے شریک ہوئے۔ سندھ سے تعلق رکھنے والے ارکان نے اجلاس کراچی میں منعقد کرنے پر ذکا ء اشرف کے اس اقدام کو سراہا۔مینجمنٹ کمیٹی کو پاکستان کرکٹ بورڈ کے بجٹ کے بارے میں بریفنگ دی گئی جس کا تعلق کرکٹ آپریشنز، ڈویلپمنٹ کرکٹ کے ڈھانچے اور حکمت عملی کے متعدد اقدامات سے ہے تاکہ ملک میں کرکٹ کی ترقی اور کامیابی کا عمل جاری رہے۔ کمیٹی کے ارکان نے متفقہ طور پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے مالی سال 2023-24 کا بجٹ منظور کرلیا۔ ذکا ء اشرف نے ارکان کو آئی سی سی کے حالیہ اجلاس میں اپنی شرکت کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا، انہوں نے آئی سی سی کے فنانشل ماڈل سے متعلق ہونے والی گفتگو کے بارے میں بھی ارکان کو بتایا کہ کس طرح انہوں نے آئی سی سی کی میٹنگ میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے مفادات کا دفاع کیا۔ کمیٹی کے ارکان نے حکمت عملی کی تعریف کی اور اسے سراہا۔مینجمنٹ کمیٹی نے پاکستانی ٹیم کو افغانستان کیخلاف سیریز جیتنے اور ون ڈے انٹرنیشنل کی عالمی نمبر ایک ٹیم بننے پر مبارکباد دی۔ قومی سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین انضمام الحق مینجمنٹ کمیٹی کی دعوت پر اجلاس میں آن لائن شریک ہوئے۔مینجمنٹ کمیٹی نے وہیل چیئر کرکٹ ایسوسی ایشن اور بلائنڈ کرکٹ ایسوسی ایشن کی حالیہ عمدہ کارکردگی کی روشنی میں دونوںکیلئے 70، 70 لاکھ روپے کی گرانٹ کی منظوری دی۔ فیصلہ کیا کہ مختلف سٹیڈیمز کے سٹینڈز میں کرسیاں نصب کی جائیں گی اور ان کی مرمت کی جائے گی۔ پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کرسیوں کی تنصیب بھی شامل ہے۔ پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے کراچی اجلاس میں ارکان نے چیئرمین ذکاء اشرف کی کھل کر مخالفت کر دی۔ذرائع کے مطابق پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی میں چیئرمین ذکا اشرف کیخلاف گروپ بن گیا، ارکان نے سوال اٹھایا کہ لیگل ٹیم ہوتے ہوئے ذکاء اشرف کے ذاتی وکیل کی کیا ضرورت ہے اور ہر سماعت پر 15 لاکھ روپے بورڈ سے کیوں دیے جاتے ہیں۔ذکا اشرف نے کمیٹی ارکان کو منانے کی کوشش کی اور تمام ارکان کو ایشیا کپ کے دوران سری لنکا لے جانے کی پیشکش بھی کی، ذکا اشرف نے پیشکش کی کہ آپ حامی بھریں تمام تر اخراجات ہم اٹھائیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن