چینی مزید مہنگی: ای سی سی نے برآمد پر پابندی کی منظوری دیدی
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+ این این آئی+ نوائے وقت رپورٹ) ملک کے مختلف شہروں میں چینی کی قیمتیں آسمان پر پہنچ گئیں۔ چینی کی فی کلو قیمت 170 روپے سے تجاوز کر گئی۔ دستاویز کے مطابق کوئٹہ میں چینی فی کلو 172 روپے میں دستیاب رہی، کراچی میں قیمت 170 روپے تک جا پہنچی۔ اسلام آباد میں 165، پشاور 165، سیالکوٹ میں 1 کلو چینی 160 روپے کی ہو گئی۔ دستاویز کے مطابق راولپنڈی میں بھی فی کلو چینی 160 روپے کی ہو گئی۔ لاہور میں فی کلو چینی کی قیمت 160 روپے فروخت ہو رہی ہے۔ نگران وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں چینی کی برآمد پر پابندی عائد کرنے کی منظوری دی گئی۔ خیال رہے کہ ملک میں چینی کی قیمت میں اچانک سے اضافہ دیکھا جارہا ہے۔ کراچی میں صرف ماہ اگست میں ہی چینی کی فی کلو قیمت میں 23 روپے اضافہ ہوچکا ہے۔ دوسری جانب کوئٹہ میں آج چینی کی فی کلو قیمت میں 10 روپے کا اضافہ ہوا ہے۔ ذرائع کے مطابق رواں ماہ کے دوران چینی کی فی کلو قیمت میں 20 روپے کا اضافہ ہوا ہے اور چینی کی فی کلو قیمت 160 سے بڑھ کر 170 روپے ہوگئی ہے۔ نگران وفاقی وزیر برائے خزانہ، ریونیو، اقتصادی امور ڈاکٹر شمشاد اختر نے کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کے جلاس میں 10اگست سے چینی کی برآمد پر پابندی کے فیصلہ کی توثیق کر دی۔ وزارت نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ نے چینی کی برآمد پر پابندی کے ساتھ چینی کا برآمدی کوٹہ منسوخ کرنے کے حوالے سے سمری جمع کرائی جبکہ اجلاس کو چینی کی پیداوار، سٹاک کی پوزیشن، کھپت اور مارکیٹ میں چینی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور اس کے اثرات کے بارے میں بریفنگ دی۔ ای سی سی نے چینی کے برآمدی کوٹہ کے حوالے سے اپنے سابقہ فیصلے پر نظرثانی کی اور تفصیلی بحث کے بعد فیصلہ کیا کہ ای سی سی کے سابقہ فیصلے کی روشنی میں 10 اگست 2023 کے بعد سے چینی کی برآمد پر پابندی عائد ہو گئی ہے۔ ای سی سی نے وزارت نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ کو مزید ہدایت کی کہ وہ چینی کے سٹاک کی دستیابی، کھپت اور قیمتوں کے تعین کے بارے میں باقاعدہ رپورٹس تیار کرے اور ای سی سی کو پیش کرے تاکہ وہ اس چینی کی دستیابی اور قیمتوں کے تعین کی نگرانی کر سکے۔ ای سی سی نے وزارت کو چینی کی سمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی کو روکنے کے لیے تمام متعلقہ ایجنسیوں اور حکام کے ساتھ رابطہ قائم کرنے کی بھی ہدایت کی۔ مزید برآں، ای سی سی نے وزارت فوڈ سکیورٹی کو گندم کے تازہ ترین سٹاک، دستیابی اور قیمتوں کے بارے میں رپورٹ دینے کی ہدایت بھی کی۔