صدر، وزیراعظم، شہباز شریف کی ارشد ندیم کو چاندی کا تمغہ جیتنے پر مبارکباد
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی،خبر نگار خصوصی، خبرنگار)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ارشد ندیم کو ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں جیولین تھرو میں چاندی کا تمغہ جیتنے پر مبارکباد دی ہے۔ویب سائٹ (ایکس ) پر صدر مملکت عارف علوی نے ایونٹ میں تمغہ جیتنے والے پہلے پاکستانی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔صدر مملکت نے ارشد ندیم کو مبارکباد دیتے ہوئے لکھا کہ ایونٹ میں تمغہ جیتے والے نے نشانہ 87.82 میٹر تک پھینکا جو بھارتی گولڈ میڈلسٹ نیرج چوپڑا سے صرف 0.35 میٹر کم ہے۔صدر مملکت نے اپنے ٹویٹ میں مزید کہا کہ اس کامیابی کے بعد ارشد ندیم نے 2024 پیرس اولمپکس کے لیے کوالیفائی کیا ہے، ہمیں تم پر فخر ہے۔علاوہ ازیں نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑنے ارشد ندیم کومبارکباد دی ۔ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہاکہ پوری قوم کو ارشد ندیم پرفخر ہے، ارشد ندیم نے چاندی کا تمغہ جیت کر قوم کا سر فخر سے بلند کردیا ہے۔ ارشد ندیم کی زبردست کارکردگی نے قوم کیلئے خوشیوں کا سامان پیدا کیا ہے۔سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ (ن)کے صدر شہباز شریف نے کہا کہ ایک بار پھر قوم اور پاکستان کا سر فخر سے بلند کرنے پر ارشد ندیم کو مبارک پیش کرتا ہوں ارشد ندیم کے والدین، کوچ اور تمام ٹیم کو بھی مبارک پیش کرتے ہیں ارشد ندیم کی مسلسل محنت، کامیابیوں کے آسمان چھولینے کی جستجو اور جذبہ تمام نوجوانوں کے لئے مثال ہے دعا ہے کہ ارشد ندیم اسی طرح پاکستان اور قومی پرچم سربلند کرتے رہیںارشد ندیم 2022 میں دولت مشترکہ کھیلوں میں سب سے دور نیزہ پھینکنے کا ریکارڈ بنا چکے ہیں۔