ائیر ٹریفک کنٹرول میں تکنیکی خرابی ‘برطانیہ میں سینکڑوں پروازیں منسوخ
لندن (نوائے وقت رپورٹ) ائیر ٹریفک کنٹرول سسٹم میں تکنیکی خرابی کے باعث برطانیہ بھر میں سینکڑوں پروازیں منسوخ یا تاخیر کا شکار ہوگئی ہیں۔ برطانیہ کی نیشنل ائیر ٹریفک سروس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ہمیں اس وقت ایک تکنیکی مسئلے کا سامنا ہے جس کے باعث فضائی ٹریفک کو محدود کیا گیا ہے۔ خرابی کو ٹھیک کرنے کے لیے کام کیا جا رہا ہے مگر ابھی واضح نہیں کب تک مسئلہ حل ہو گا۔ بیان میں بتایا گیا برطانوی فضائی حدود بند نہیں کی گئی۔ تکنیکی مسئلے کے باعث فلائٹ پلان کو خودکار طور پر پراسیس کرنے کی صلاحیت متاثر ہوئی ہے۔ برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق کم از کم 500 پروازوں کو منسوخ کیا گیا ہے جن میں سے 232 کو برطانیہ سے دیگر ممالک جانا تھا جبکہ 271 کو برطانیہ پہنچنا تھا۔