• news

اقبال ٹاؤن: ڈی ایس پی کے گھر سے 7 کلو آئس‘ چرس‘ 8 کروڑ برآمد‘ 4 اہلکار گرفتار

لاہور (نامہ نگار) سی آئی اے پولیس اور اے این ایف ٹیم نے سی آئی اے اینٹی نارکوٹکس یونٹ اقبال ٹاؤن میں چھاپہ مار کر کروڑوں روپے کی برآمد منشیات فروخت کرنے پر سب انسپکٹر محمود، اے ایس آئی کاشف اور ہیڈ کانسٹیبل شکیل سمیت 4 پولیس ملازمین کو حراست میں لے لیا ہے جبکہ ڈی ایس پی مظہر اقبال فرار ہو گیا۔ ذرائع کے مطابق اینٹی نارکوٹکس یونٹ سی آئی اے اقبال ٹاؤن حکام کی جانب سے پکڑی گئی۔ 8 کروڑ کی منشیات فروخت کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔ پولیس حکام نے بتایا ہے کہ وہ  ڈی ایس پی مظہر اقبال کی گرفتاری کے لئے چھاپے جاری ہیں، جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔ حراست میں لئے گئے پولیس افسروں اور اہلکاروں سے تحقیقات جاری ہیں۔ جلد مقدمہ درج کر لیا جائے گا۔ پولیس حکام کے مطابق نارکوٹکس یونٹ پولیس پر منشیات فروشوں کی گاڑی غبن کرنے کا بھی الزام ہے۔ کروڑوں روپے مالیت کی اس گاڑی سے منشیات برآمد ہوئی تھی اور اسے منشیات کے ساتھ اپنی تحویل میں لیا گیا تھا۔ پولیس  کے مطابق معلوم ہوا تھا کہ نارکوٹکس یونٹ پولیس  نے منشیات فروش گرفتار کئے ہیں اور ان سے برآمد ہونے والی منشیات کو کم ظاہر کر کے مقدمہ درج کیا اور اس کے بدلے منشیات فروش ملزمان سے بھاری رقم اور گاڑی وصول کی جس کی تفتیش جاری ہے۔ پولیس کے مطابق ڈی ایس پی مظہر اقبال کے گھر سے سات کلو آئس‘ چرس اور آٹھ کروڑ روپے برآمد کر لئے گئے۔ مظہر اقبال کی ٹیم میں شامل سب انسپکٹر محمود‘ اے این آئی کاشف سمیت چار اہلکار زیرحراست ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن