• news

پاکستان کل سے یواین امن مشن کے تیاری اجلاس کی میزبانی کریگا، دفتر خارجہ

اسلا م آبا د (خصوصی نامہ نگار)پاکستان 30 اور31 اگست کو اسلام آباد میں اقوام متحدہ کے امن مشن کے آئندہ اجلاس کی تیاری کے اجلاس کی میزبانی کرے گا ۔ تر جما ن دفتر خا رجہ نے جا ری بیا ن کے مطا بق اجلا س کا موضوع ’’اقوام متحدہ کے امن دستوں کی حفاظت اور سلامتی‘‘ ہے۔ جاپان اس اجلاس کا شریک میزبان ہے جو پاکستان کے سب سے بڑے تربیتی ادارے سینٹر فار انٹرنیشنل پیس اینڈ سٹیبلیٹی (سی آئی پی ایس) میں منعقد ہو رہا ہے جو دنیا بھر سے اقوام متحدہ کے امن دستوں کو کورسز، ورکشاپس اور سیمینارز پیش کرتا ہے۔ پاکستان کے وزیر خارجہ اور وزیر دفاع اجلاس سے خطاب کریں گے۔اجلاس میں 156 ممالک پر مشتمل اقوام متحدہ کی خصوصی کمیٹی برائے پیس کیپنگ آپریشنز میں نمائندگی کرنے والے رکن ممالک کے علاوہ مقامی اور بین الاقوامی ماہرین شرکت کریں گے۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹریٹ کے سینئر حکام بشمول انڈر سیکرٹری جنرل فار پیس آپریشنز، انڈر سیکرٹری جنرل برائے آپریشنل سپورٹ، اور یو این پولیس ایڈوائزر بھی اجلاس میں شریک ہونگے۔دو روزہ اجلاس کے دوران مختلف ذیلی موضوعات پر پینل ڈسکشنز منعقد کی جائیں گی جن میں صلاحیت سازی کی ضروریات، بین الاقوامی قانون کے نقطہ نظر سے اقوام متحدہ کے امن فوجیوں کی حفاظت ، اقوام متحدہ کے امن مشن کی طبی صلاحیت کو بڑھانے کے علاوہ ٹیکنالوجی اور سٹریٹجک مواصلات سے فائدہ اٹھانے پر غور کرنا شامل ہے۔ اجلاس میں دیسی ساختہ دھماکہ خیز آلات (آئی ای ڈیز) سے لاحق خطرات پر ماہرانہ گفتگو اور بریفنگ بھی دی جائے گی۔

ای پیپر-دی نیشن