منصوبوں کی تکمیل میں تیزی لائی جائے، وزیراعظم: معیشت کی بحالی ، پالیسیوں کے تسلسل کیلئے تعاون کرینگے: آرمی چیف
اسلام آباد (خبرنگارخصوصی) خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی ) کی ایپکس کمیٹی نے ایس آئی ایف سی کے اقدامات پر اعتماد کا اظہار کیا اور ملکی معیشت کی بحالی کیلئے مثبت رفتار کو برقرار رکھنے کے اپنے عزم اور حمایت کا اظہار کیا ہے، ایپکس کمیٹی نے زراعت/لائیو سٹاک، کان کنی/معدنیات، آئی ٹی اور توانائی کے کلیدی شعبوں میں سرمایہ کاری کو راغب کرنے کیلئے گذشتہ حکومت کے منظور کردہ منصوبوں کی بھی توثیق کی۔وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی ) اقدام کے تحت مثبت تحریک جاری رکھنے کے لئے ایس آئی ایف سی کی چوتھی ایپکس کمیٹی کا نگراں حکومت کی قیادت میں پہلا اجلاس منعقد ہوا۔ نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیرصدارت اجلاس میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر، وفاقی کابینہ، وزرائے اعلیٰ، صوبائی وزراء اور اعلیٰ سطح کے سرکاری افسران نے شرکت کی۔ کابینہ نے ایس آئی ایف سی کے اقدامات کا مکمل جائزہ لیا جس میں اہم شعبوں میں پیشرفت اور اس طرح بہت کم وقت میں حاصل کی گئی کامیابیاں شامل ہیں۔وزیر اعظم نے بھرپور ہم آہنگی کو حاصل کرنے کے لئے ایک اشتراکی "پورے حکومتی نقطہ نظر" کے ذریعے ایس آئی ایف سی کے موثر کام کی تعریف کی۔ ایپکس کمیٹی نے ایس آئی ایف سی کی عالمی سطح پر رسائی حاصل کرنے کی حکمت عملی اور برادر/دوست ممالک کے ساتھ جاری مصروفیات کو سراہا جس میں مملکت سعودی عرب اور اسلامک آرگنائزیشن فار فوڈ سکیورٹی (آئی او ایف سی ) کے اعلیٰ سطحی وفود کے نتیجہ خیز دورے شامل ہیں۔ایپکس کمیٹی نے ایس آئی ایف سی کے اقدامات پر اعتماد کا اظہار کیا اور ملکی معیشت کی بحالی کی طرف مثبت رفتار کو برقرار رکھنے میں اپنے عزم اور حمایت کا اظہار کیا۔ ایپکس کمیٹی نے زراعت/لائیو سٹاک، کان کنی/معدنیات، آئی ٹی اور توانائی کے کلیدی شعبوں میں سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لئے گذشتہ حکومت کے منظور کردہ منصوبوں کی بھی توثیق کی۔وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ ایس آئی ایف سی کے ذریعے پہلے سے حاصل کئے گئے سازگار ماحول کا فائدہ اٹھاتے ہوئے نشاندہی کئے جانے والے منصوبوں کی تکمیل میں تیزی لائی جائے۔آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے ملکی معیشت کی بحالی اور پاکستان کو ترقی و خوشحالی کی جانب گامزن کرنے کے لئے پالیسیوں کے تسلسل کے لئے نگراں حکومت کے ساتھ پاک فوج کے ہر ممکن تعاون کا عزم ظاہر کیا۔علاوہ ازیں نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہاہے کہ برطانیہ میں مقیم پاکستانی برطانیہ اور پاکستان کے تعلقات کو مزید بہتر کرنے میں انتہائی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے برطانوی پارلیمنٹ کے ایوان بالا (ہائوس آف لارڈز) کے رکن لارڈ عامر سرفراز نے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور برطانیہ کے مابین تجارت، سرمایہ کاری، ترقیاتی منصوبہ بندی اور دیگر شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعظم نے برطانیہ بالخصوص برطانوی سیاسی نظام برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کی خدمات کو سراہا۔