• news

کراچی اور کوٹری سے کالعدم تنظیم کے 4 دہشتگردگرفتار


 کراچی (سٹاف رپورٹر)سی ٹی ڈی نے کراچی کے علاقے شرافی گوٹھ میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے 2کارندوں کو حراست میں لے لیا۔تفصیلات کے مطابق ترجمان سی ٹی ڈی نے بتایا کہ خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے 2کارندے اللہ رکھیو منگی اوریاسر حسن لاشاری کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ترجمان سی ٹی ڈی نےٰ بتایا کہ ملزمان سے 2دستی بم، 2پستول، موٹر سائیکل اور فنڈنگ باکس برآمد کرلئے ہیں، اس کے علاوہ ملزمان سے چندے کی رسیدیں، رقم اور کالعدم تنظیم کے پمفلٹ بھی برآمد کئے گئے ہیں۔ترجمان نے بتایا کہ گرفتار ملزمان نے 5ٹارگٹ کی ریکی مکمل کرنیکا انکشاف کیا ہے، جبکہ ملزمان نے 4 مارچ کو قمبر شہداد کوٹ میں مکینک کو گولیاں مار کر زخمی کیا تھا۔ملزم اللہ رکھیو 2021میں گرفتار ہو کر لاڑکانہ میں قید کاٹ چکا ہے، جبکہ گرفتار کئے گئے دونوں ملزمان کیخلاف سی ٹی ڈی کراچی میں مقدمہ درج کرکے تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے۔ دریں اثناءسی ٹی ڈی حیدرآباد نے کوٹری میں کارروائی کرتے ہوئے دہشتگردوں کو آن لائن اسلحہ وایمونیشن فراہم کرنے والا سہولت کار اور ایک دہشتگرد گرفتار کرکے بارودی مواد اور اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا۔ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار دہشتگرد کی شناخت محمد امین اور سہولتکار کی ایاز خان کے نام سے ہوئی۔
دہشتگرد گرفتار

ای پیپر-دی نیشن