• news

شیخوپورہ: سوشل ویلفئر آفس سے قیمتی درخت کاٹ لئے: ڈپٹی ڈائریکٹر نے ملبہ چوکیدار پر ڈال دیا


شیخوپورہ (نمائندہ خصوصی+ نامہ نگارخصوصی) سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال آفس کے لان سے لاکھوں روپے مالیت کے درخت کاٹنے پر ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ سرمد تےمور نے فوری ایکشن لیتے ہوئے دفتر کو سیل کر دیا ہے اور ڈسٹرکٹ فنانس افسر میاں نذیر احمد کو انکوائری آفیسر مقرر کر دیا ہے اور 48گھنٹے میں رپورٹ طلب کر لی ہے تاکہ ذمہ دار کا تعین کر کے اس کے خلاف مقدمہ درج کیا جا سکے، مگر ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر آمنہ بٹ سمیت دیگر عملہ نے تمام تر ملبہ درجہ چہارم کے ملازم پر ڈال کر خود کو بچانے کی کوششیں تیز کر دیں۔ بتایا جاتا ہے کہ اتوار کے روز ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر کے آفس میں دفتر کے عملہ کی ملی بھگت سے لاکھوں روپے مالیت کے قیمتی درخت کاٹے جا رہے تھے، جس کی اطلاع مقامی صحافیوں نے ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ کو دی تو ڈپٹی کمشنر سٹاف کے ہمراہ سوشل ویلفیئر آفس پہنچ گئے اور ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر آمنہ بٹ کو طلب کر لیا اور کاٹے ہوئے درخت جو ٹرالی پر لوڈ تھے موقع پر قبضہ میں لے لیے اور دفتر کے مین دروازے کو سیل کر دیا۔ اس دوران دفتر کا عملہ اور درخت کاٹنے والا ٹھیکیدار بھی موقع سے فرار ہو گیا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر نے دفتر کے چوکیدار پر تمام ملبہ ڈال کر اسے معطل کر دیا ہے۔ سرکاری ترجمان کے مطابق دفتر کی بیرونی دیوار خستہ حال تھی جس کی مرمت کیلئے ایک دو درخت کو کاٹنا ضروری تھا مگر دفتر کے سٹاف نے ملی بھگت کر کے دفتر میں لگے ہوئے قیمتی درخت کاٹ دیئے تھے۔
قیمتی درخت

ای پیپر-دی نیشن