• news

سٹیج ڈراموں کی آڑ میں بیہودگی پھیلانے والوں کے خلاف گھیرا مزید تنگ‘ شالیمار تھیٹر بھی سیل


لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عامر میر کی ہدایت پر پنجاب آرٹس کونسل نے سٹیج ڈراموں کی آڑ میں بیہودگی پھیلانے والوں کے خلاف گھیرا مزید تنگ کر دیا ہے۔ ہوم ڈیپارٹمنٹ نے پنجاب آرٹس کونسل کی سفارش پر لاہور کینٹ میں واقع شالیمار تھیٹر کو بھی سیل کر دیا ہے جہاں اب بھی بیہودہ ڈانس جاری تھے۔ دوسری جانب پنجاب آرٹس کونسل نے ڈپٹی کمشنرز گوجرانولہ، بہاولپور، ملتان، رحیم یار خان، ساہیوال، بھکر، شیخوپورہ اور پاکپتن کو ہدایات جاری کر دی ہیں کہ ڈرامہ ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے والے اداکاروں، پروڈیوسرز اور تھیٹر مالکان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ عامر میر کا کہنا تھا کہ تمام ڈپٹی کمشنرز اپنے اپنے متعلقہ اضلاع میں ہوم ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کردہ ایس او پیز پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں اور ان کی خلاف ورزی کرنے والوں کا احتساب یقینی بنائیں۔ عامر میر کا کہنا تھا کہ کوئی بھی تھیٹر سکرپٹ کی سکروٹنی، فل ڈریس ریہرسل اور این او سی کے بغیر ڈرامہ نہیں دکھا سکے گا۔ 
تھیٹر سیل

ای پیپر-دی نیشن