وزیرخارجہ لیبیا کی اسرائیلی ہم منصب سے ملاقات پر ہنگامے ، وزیراعظم نے برطرف کردیا
طرابلس (نوائے وقت رپورٹ) لیبیا کے حکومتی عہدیدار کی اسرائیلی ہم منصب سے ملاقات کے بعد ملک میں ہنگامے پھوٹ پڑے۔ برطانوی میڈیا کے مطابق لیبیا کی خاتون وزیر خارجہ نجلا منگوش نے اسرائیلی ہم منصب سے ملاقات کی تھی جس کے بعد ملک میں احتجاج اور ہنگامے پھوٹ پڑے ہیں جہاں دارالحکومت طرابلس میں بھی عوام کی بڑی تعداد نے احتجاج کیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق لیبیا کے وزیراعظم نے اسرائیلی ہم منصب سے غیر رسمی ملاقات پر خاتون وزیر خارجہ کو برطرف کر دیا ہے۔ میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ لیبیا اسرائیل کو تسلیم نہیں کرتا اور فلسطین کاز کی کھل کر حمایت کرتا ہے جس کی وجہ سے لیبیا اور اسرائیلی وزیر خارجہ کی ملاقات کی خبر سامنے آنے پر ملک میں اشتعال پھیلا اور ہنگامے پھوٹ پڑے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی وزیر خارجہ نے لیبیا کی وزیر خارجہ نجلا منگوش سے ہونے والی اس ملاقات کو تعلقات کی بحالی کی جانب پہلا قدم قرار دیا تھا۔ لیبیا کے تین صوبوں پر مشتمل صدارتی کونسل نے اسرائیل سے تعلقات کی بحالی کو غیر قانونی قرار دیا ہے۔ اس کے علاوہ لیبیا کے سپیکر آفس نے اسرائیلی وزیر خارجہ سے ملاقات کرنے والی نجلا منگوش کو ملک کا سب سے بڑا غدار قرار دیا ہے جبکہ وزیراعظم عبدالحامد نے سابق خاتون وزیر خارجہ کے خلاف تحقیقات کی ہدایت کردی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق لیبیا کی ہم منصب سے ملاقات سے متعلق اسرائیلی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ روم میں ہونے والی ایک سمٹ میں لیبیا کی وزیر خارجہ سے اتفاقیہ ملاقات ہوئی جس میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو لے کر بات کی گئی۔ لیبیا کے وزیراعظم نے خاتون وزیر خارجہ نجلا منگوش کو اسرائیلی ہم منصب سے ملاقات کرنے پر برطرف کردیا۔ وزیراعظم عبدالحامد نے نجلا منگوش کو برطرف کرکے اس ملاقات کی تحقیقات کا حکم دیا تھا لیکن وہ ملک چھوڑ کر ترکیہ جاچکی ہیں۔ اسرائیل کی طرف سے بیان جاری کیا گیا تھا کہ وزیر خارجہ ایلائی کوہن نے پچھلے ہفتے لیبیا کی ہم منصب سے ملاقات کی ہے۔ اس معاملے پر لیبیا کی وزارت خارجہ سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ اسرائیلی حکام کے ساتھ باقاعدہ ملاقات نہیں ہوئی، اٹلی کی وزارت خارجہ کے ایک اجلاس میں غیر رسمی آمنا سامنا ہوا تھا۔ بیان کے مطابق اس گفتگو میں کسی معاہدے کیلئے کوئی بات نہیں ہوئی، ہم اسرائیل کے ساتھ تعلقات کو مسترد کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔ لیبیا کی وزیر خارجہ نجلہ منگوش کا کہنا ہے کہ ملاقات کیلئے وزیراعظم عبدالحامد نے ہدایت دی تھی۔ دوسری طرف اسرائیل کے وزیر خارجہ ایلائی کوہن کا کہنا ہے کہ میں نے نجلہ منگوش سے دونوں ملکوں کے تعلقات کو وسعت دینے کی بات کی تھی۔
لیبیا ہنگامے