ڈائریکٹر جنرل ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پنجاب کا دورہ گوجرانوالہ
گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی)ڈائریکٹرجنرل ایکسائزاینڈٹیکسیشن پنجاب محمد علی نے ڈویژنل آفس گوجرانولہ کااچانک دورہ کیاجہاں بڑی تعداد میں گاڑیوں کی نمبر پلیٹیں بغیر ترسیل کے پڑی تھیں،ڈی جی نے موقع پر نمبرپلیٹوں کے مالکان کو فون کرائے تو انہوں نے بتایا کہ ان سے محکمہ کے کسی اہلکار نے اس حوالے سے رابطہ نہیں کیا، ڈی جی نے سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے ذمہ داروں کیخلاف انکوائری کا حکم دیا۔ انہوں نے تاکید کی کہ گاڑیوں کی نمبر پلیٹیں بلا تاخیر مالکان تک پہنچا کر انہیں تعمیل کی رپورٹ بھجوائی جائے انہوں نے پراپرٹی ٹیکس برانچ کا معائنہ کرتے ہوئے ہدائت کی کہ ٹیکس گزاروں کو بلاتاخیر چالان ارسال کئے جائیں اور غلط چالان بھیجنے والے انسپکٹر کیخلاف سخت کارروائی کی جائے ،ڈی جی نے حکم دیا کہ تین سال سے ایک ہی جگہ تعینات خراب کارکردگی والے ملازمین کا تبادلہ کر دیا جائے انہوں نے ای ٹی اوز کی خالی آسامیوں پر فوری تعیناتی کا حکم دیا۔ ڈی جی نے وصولی کا ہدف پورا کرنے والے ملازمین کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ عوام کو ہر ممکن بہترین اور شفاف خدمات فراہم کی جائیں۔