اسلام آباد: عمرہ سے واپسی آنے والی فیملی کی گاڑی کھڑے ٹرالے سے ٹکرا گئی، 5افراد جاں بحق
گوجرانوالہ+راولپنڈی(نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ )روات میں عمرہ سے واپس آنے والی فیملی کی گاڑی کو حادثہ پیش آیا، جس میں خاتون سمیت 5 افراد جاں بحق ہو گئے۔ افسوسناک حادثہ کے دوران جاں بحق ہونیوالے ایک ہی خاندان کے چارافراد اور ڈرائیور کی نعشیں گھر پہنچنے پر قیامت برپا ہو گئی ۔ گوجرانوالہ کی زاہد کالونی کے رہائشی میاں ادریس ، حاجی نذیر، حاجی شفیق اور مہرین شفیق عمرے کی ادائیگی کے بعد وطن واپس آ رہے تھے جنہیں اسلام آبادائیر پورٹ سے لینے کیلئے عزیزواقارب گئے ہوئے تھے ۔ واپسی پر روات کے قریب ٹی چوک میں انکے ہائی ایس اور ٹرک کے درمیان خوفناک تصادم ہو گیا جسکے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے چاروں افراد میاں ادریس ،حاجی نذیر ، حاجی شفیق ، مہرین شفیق اور ڈرائیور دانش جاں بحق جبکہ آٹھ افراد شدید زخمی ہو گئے ،مرحومین کی نعشیں گھر پہنچنے پر قیامت برپاہوگئی ، لواحقین کو غشی کے دورے پڑتے رہے ،مرحومین کی نماز جنازہ ماڈل ٹائون قبرستان میں ادا کرنے کے بعد انہیں آہوں وسسکیوں میں سپرد خاک کردیا گیا،نماز جنازہ میں عزیز واقارب سمیت ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افرادکی کثیر تعدادنے شرکت کی ۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق پولیس کا کہنا ہے گاڑی روات چوک کے قریب کھڑے 22 ویلر ٹرالر سے ٹکرائی، جس کے بعد ریسکیو 1122 نے اطلاع ملنے پر جائے وقوع پر پہنچ کر گاڑی میں پھنسے ہوئے افراد کو باہر نکالا اور زخمیوں اور لاشوں کو پمز ہسپتال منتقل کیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثہ ڈرائیور کے سو جانے کے باعث پیش آیا۔ حادثے کا شکار ہونے والی گاڑی مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔ زخمیوں میں ریحانہ، عشور، ارحم، ہما عمران، ارسام اور کنیز شامل ہیں۔اپنے سٹاف رپورٹر سے کے مطابق تھانہ ہمک کے علاقے اسلام آباد ہائی وے ٹی چوک میں ہائی ایس وین کھڑے ٹرالر سے ٹکرا ئی ۔.