• news

مقبوضہ کشمیر: ایک اور شہری شہید، معروف عالم دین مولانا سرجان برکاتی پھر گرفتار

راجوری ،  سری نگر(کے پی آئی)بھارتی فوج  نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران منگل  کوضلع کپواڑہ میں ایک 42سالہ شہری کو شہید کردیا ہے۔فوجیوں نے مختار احمد شاہ نامی شہری کو ضلع کے علاقے ٹیٹوال کرناہ میں گزشتہ شب تلاشی اور محاصرے کی ایک کارروائی کے دوران شہید کیا۔جبکہ مقبوضہ کشمیر کے  معروف عالم دین مولانا سرجان برکاتی کو ایک بار پھر گرفتار کر لیا۔ ریاستی تحقیقاتی ایجنسی( ایس آئی ائے) نے منی لانڈرنگ کے جعلی مقدمے میں انہیں گرفتار کیا ان  کے خلاف مختلف تھانوں میں 30 سے زیادہ مقدمات درج ہیں۔شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں گذشتہ 6 روز سے لاپتہ ایک انجینئر کی لاش منگل کی صبح گنتمولہ میں لوئر جہلم ہائیڈرو الیکٹرک پاور پروجیکٹ کے ایک بیراج سے بر آمد کی گئی۔شوپیاں ضلع کے مہلورہ زینہ پورہ علاقے میں نامعلوم موٹر سائیکل سوار کی ٹکر سے ایک خاتون لقمہ اجل بن گئیں۔جموں و کشمیر میں پہاڑی برادری سے تعلق رکھنے والے طلبا نے اسکالر شپ کی تقسیم میں امتیازی سلوک کے خلاف گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج راجوری کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ دوسری جانب جموں کی ایک عدالت نے  16  کشمیری نوجوانوں کو   دہشت گرد  اور اشتہاری  قرار دے دیا ہے جبکہ ان میں سے دو کی جائیدادیں بھی ضبط کر لی گئی ہیں۔ ان 16  کشمیری نوجوانوں  میں10  مسلمان اور  6ہندو ہیں۔ ڈوڈا پولیس نے  کہا ہے کہ ان میں سے کچھ پاکستان میں مقیم ہیں۔ 

ای پیپر-دی نیشن