بدحالی کا ذمہ دار لاڈلہ، نواز شریف ملک کو ترقی کی طرف گامزن کرتے ہیں: مریم نواز
سیالکوٹ (رانا جعفر حسین: نمائندہ خصوصی) مریم نواز نے کہا ہے کہ میاں محمد نواز شریف اکتوبر کے وسط میں پاکستان پہنچ جائیں گے۔ موجودہ ملکی صورتحال کا واحد حل میاں محمد نواز شریف ہے۔ میاں نواز شریف جب اقتدار میں آتے ہیں تو ملک کو بحرانوں سے نکال کر ترقی کی طرف گامزن کرتے ہیں اور ہر طرف ترقی اور خوشحالی کا سلسلہ شروع ہو جاتا ہے۔ ملک کی بدحالی کا ذمہ دار لاڈلہ ہے جس کے خلاف قوم کھڑی ہو چکی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیالکوٹ سے سابق ارکان پنجاب اسمبلی سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔ ملاقات کرنے والوں میں ارشد جاوید وڑائچ سابقہ ایم پی اے رانا عارف ہرناہ سابقہ ایم پی اے، حافظ شاہد ندیم، طارق سبحانی ضلع صدر مسلم لیگ نون ، نوید اشرف سابقہ ایم پی اے، ذیشان رفیق سابقہ ایم پی اے، رانا عبدالستار سابقہ ایم پی اے ، چوہدری اکرام سابقہ ایم پی اے، رانا شوکت، رانا افضل سابقہ ایم پی اے، گلناز شجاعت، عبدالرحمٰن شامل تھے۔ ملاقات میں پارٹی تنظیم سازی، سیاسی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر مریم نواز شریف نے سابق ارکان اسمبلی کو خواتین ونگ اور یوتھ کی یونین کونسل تک ٹیم بنانے کا ٹاسک دیا اور سابق ضلعی چییرپرسن سیالکوٹ حناء ارشد جاوید وڑائچ کو ضلعی صدر خواتین ونگ سیالکوٹ مقرر کرتے ہوئے انہیں مبارکباد دی اور انہیں تنظیم سازی کا خصوصی ٹاسک دیا۔ مریم نواز شریف نے مزید کہا نواز شریف عالمی لیڈر ہے اور دنیا میاں نواز شریف پر اعتماد کرتی ہے۔ پاکستان آمد پر میاں نواز شریف کا فقید المثال استقبال کریں گے۔ کارکنان پر عزم اور عوام بے تاب ہیں۔ میاں نواز شریف ہی امیدوں کا محور ہیں۔ سابق ایم پی اے چودھری ارشد جاوید وڑائچ نے حناء ارشد کو ضلعی صدر خواتین ونگ نامزد کرنے پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ مسلم لیگ ن واحد جماعت ہے جو ملک کو بحرانوں سے نکال سکتی ہے۔ میاں نواز شریف نے ہمیشہ محبت کا اظہار کیا اورکہا کہ اکتوبر میں میاں نواز شریف کا پورے پاکستان کی طرح سیالکوٹ کی عوام بھی بھرپور استقبال کریں گے۔