انڈونیشیا: حجاب کے باوجود کیوں نظر آرہے ہیں، استاد نے 14 طالبات کے بال کاٹ دئیے
جکارتہ (نیٹ نیوز) انڈونیشیا کے ایک سکول میں ٹیچر نے حجاب درست طریقے سے نہ لینے پر بطور سزا 14 طالبات کے بال کاٹ دیئے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق انڈونیشیا کے شہر جاوا کے ایک قصبے کے سکول میں حجاب سے باہر بال نظر آنے پر استاد نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے باہر نکلے ہوئے بال کاٹ دیئے۔ ان طالبات پر الزام تھا کہ انہوں نے سکول میں درست طریقے سے سکارف نہیں پہنا تھا۔ سکارف کے نیچے ایک ٹوپی نما چیز بھی پہنی جاتی ہے جس سے بال پیشانی پر نہیں آتے۔ سکول کے ہیڈ ماسٹر نے وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ ٹیچر نے طالبات کے بال پیشانی کے اوپر معمولی سے کاٹے یا لمبائی میں کچھ مقدار میں کاٹے جس پر استاد نے والدین سے معافی مانگ لی ہے۔ ہیڈ ماسٹر نے مزید کہا کہ طالبات تناؤ کی شکار اور دل گرفتہ ہے جس پر انھیں ماہرین نفسیات کی مدد بھی فراہم کی جائے گی۔