• news

روس سے گندم لے کر جہاز پاکستان کیلئے روانہ‘ 8 ستمبر کو پہنچے گا

کراچی (کامرس رپورٹر) پاکستان کیلئے نجی گندم کی امپورٹ کا عملی آغاز ہو گیا، روس کی بندرگاہ سے گندم سے لدا بحری جہاز پاکستان کیلئے روانہ ہو چکا ہے جو 8 ستمبر کو کراچی بندرگاہ کیماڑی پہنچے گا، دوسرا جہاز 14 ستمبر کو آئے گا، 8 ستمبر کو آنے والے بحری جہاز میں 55 ہزار ٹن گندم لدی ہوئی ہے۔ امپورٹرز کے مطابق ابتک 4 لاکھ ٹن گندم خریدی جا چکی اور قوی امید ہے کہ نجی شعبہ 9 لاکھ ٹن سے زیادہ گندم امپورٹ کرے گا جس میں سے زیادہ گندم کراچی میں استعمال ہو گی جہاں فلورملز کو گندم دستیابی میں مشکلات کا سامنا ہے جبکہ قیمتوں میں بھی عدم استحکام موجود ہے۔ گندم سٹہ بازی میں ملوث فلور ملز نے نجی امپورٹ کو سبوتاژ کرنے کی ہر ممکن کوشش کی تھی جو ناکام رہی، فلور ملز، ذخیرہ اندوزوں نے نگران وفاقی شخصیت کے قریبی دوستوں کے ذریعے اثر انداز ہونے کی منصوبہ بندی کی تھی۔ نگران وفاقی حکومت نے عوام کے غذائی تحفظ کو ہر صورت یقینی بنانے کیلئے ہر قسم کے دبائو اور غلط مشوروں کو مسترد کر دیا۔

ای پیپر-دی نیشن