• news

لاہور،کراچی میں ڈاکٹرزکا احتجاج جناح، عباسی شہید ہسپتال کی او پی ڈیز بند

لاہور (این این آئی) جناح ہسپتال کے گارڈز پر ایف آئی آر کے خلاف عملے کا احتجاج دوسرے روز بھی جاری رہا، جس کے باعث ہسپتال کی او پی ڈی میں آنے والے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ تفصیلات کے مطابق جناح ہسپتال کی او پی ڈی دوسرے روز بھی بند رہی جبکہ او پی ڈی کا پرچی کائونٹر بھی معطل کر دیا گیا۔ جناح ہسپتال کے عملے نے احتجاج کرتے ہوئے پنجاب حکومت کے خلاف نعرے بازی بھی کی۔ ہسپتال کی او پی ڈی میں آنے والے مریضوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ ا۔احتجاجی ملازمین کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کوہسپتال کے گارڈز پر ایف آئی آر واپس لینے کا وقت دیا تھا لیکن پنجاب حکومت نے ایف آئی آر تاحال واپس نہیں لی۔ جبکہ کراچی کے عباسی شہید سپتال کے ڈاکٹرز نے 5 ماہ سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر منگل کو احتجاج کیا۔ ڈاکٹرز نے شہر قائد کے تیسرے بڑے ہسپتال کی او پی ڈی بند کر دی۔ کراچی کے عباسی شہید ہسپتال کے ڈاکٹرز کو 5 ماہ سے تنخواہیں نہیں ملیں، جس پر ڈاکٹروں نے احتجاج کرتے ہوئے ہسپتال کی او پی ڈی بند کر دی۔ ڈاکٹرز نے تنخواہیں نہ ملنے اور اپنے مطالبات کے حق میں پلے کارڈز اٹھائے اور مظاہرین نے ہسپتال انتظامیہ کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔

ای پیپر-دی نیشن