ایشیا کرکٹ کپ کی سکیورٹی کیلئے سخت انتظامات ‘سٹیڈیم کے اطراف گشت
لاہور(نامہ نگار)صوبائی دارالحکومت لاہور میں ایشیا کرکٹ کپ کے سلسلہ میں کرکٹ کھلاڑیوں کیلئے لاہور پولیس کی جانب سے سخت سکیورٹی انتظامات کئے گئے۔شہر کے داخلی و خارجی ناکوں پر بھی چیکنگ کا عمل جاری رہا۔ ڈی آئی جی آپریشنز لاہور سید علی ناصر رضوی نے غیر ملکی کرکٹ ٹیم کی قیام گاہ اورنشتر سپورٹس کمپلیکس سمیت شہر کے اہم مقامات کا دورہ کیا۔ انہوں نے کھلاڑیوں کیلئے کئے جانیوالے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے پریکٹس کیلئے سٹیڈیم جانے والے کھلاڑیوں کی موومنٹ سے قبل روٹ پر سکیورٹی انتظامات بھی چیک کئے۔انہوں نے سکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات افسران و جوانوں سے گفتگو کی اور انہیں الرٹ اور گردنواح پر نظر رکھنے کی ہدایت کی۔انہوںنے کہا کہ فرائض میں سستی اور غفلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائیگی۔قیام گاہ اوراسٹیڈیم کے اطراف ڈولفن اورپی آریو ٹیمیں موثر گشت یقینی بنائیں۔ پنجاب سیف سٹیزا تھارٹی کیمروں کے ذریعے ائیر پورٹ سے ہوٹل، سٹیڈیم اور ارد گرد تمام روٹس کی 24 گھنٹے کیمروں سے نگرانی کا عمل جاری ہے۔میچز کی سکیورٹی کیلئے 550 سے زائد کیمروں سے مانیٹرنگ کی جاری ہے۔سیف سٹی سنٹر اور فیلڈ میں ٹیکنیکل ٹیمیں 24/7 فرائض سرانجام دے رہی ہیں۔ایس پی ارسلان زاہد نے کہا کہ لاہور میں 3 ستمبر، 5 ستمبر اور 6 ستمبر کو میچ کھیلے جائیں گے۔ پی آر یو گاڑیوں پر نصب سیف سٹیز کیمروں سے بھی روٹس کی مانیٹرنگ کا عمل جاری ہے۔