پی اینڈ ڈی نے پانچ ترقیاتی سکیموں کیلئے5ارب 99کروڑ روپے کی منظوری دیدی
لاہو ر (کامرس رپورٹر )پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ نے مالی سال 2023-24کے صوبائی ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے تیرویں اجلاس میں مختلف سیکٹرز کی 5ترقیاتی سکیموں کے لیے مجموعی طور پر 5 ارب 99کروڑ 57لاکھ 7ہزار روپے کے فنڈز کی منظوری دی۔ اجلاس کی صدارت چیئرمین پی اینڈ ڈی بورڈ افتخار علی سہو نے کی۔صوبائی ورکنگ پارٹی کے اجلاس میں ترقیاتی بورڈ کی جانب سے جن سکیموں کی منظوری دی گئی ان میں واسا سسٹم میں توانائی کی کارکردگی میں بہتری کیلئے 67کروڑ 60لاکھ 30 ہزار روپے، رحیم یار خان سے چوک بہادر پور تک شاہی روڈ کو دو رویہ کرنے کیلئے 1ارب 68کروڑ 36لاکھ 15ہزار روپے، ضلع ملتان میں ملتان مٹیٹل روڈ کی بہتری و دو رویہ کرنے کیلئے 2ارب 61کروڑ 81لاکھ 61ہزار روپے، ضلع رحیم یار خان میں الہ آباد (اولڈ تحصیل ہیڈ کوارٹر) تا لیاقت پور (تحصیل ہیڈ کوارٹر) دو رویہ کیرج وے کیلئے 51کروڑ 79لاکھ 1ہزار روپے اور پبلک بلڈنز کی سولرائزیشن کیلئے 50کروڑ روپے شامل ہیں۔