کوئی ٹیم آسان نہیں، پورا ایشیا کپ پاکستان میں ہوتا تو اچھا ہوتا: بابراعظم
لاہور+ملتان (سپورٹس رپورٹر)قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہاہے کہ ملتان کے پرجوش شائقین کے سامنے کھیلنے کی انہیں خوشی ہے اور ہم سب ملتان سے ایشیا کپ کی ابتدا ہونے پر بہت خوش ہیں۔بابراعظم نے ایشیا کپ کیلئے کوالیفائی کرنے پر نیپال کی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ انکی اس ٹورنامنٹ میں شرکت سے نیپال میں کرکٹ کے فروغ میں مدد ملے گی۔نیپال کی ٹیم سے مقابلہ اچھا رہے گا۔بابراعظم کا عالمی نمبر ایک بننے کے بعد اضافی دباؤ کے بارے میں کہنا ہے کہ میں یہ نہیں کہوں گا کہ دباؤ ہوگا بلکہ ہم اس ٹورنامنٹ کا آغاز اعتماد سے کریں گے۔ اس ٹیم نے پچھلے کچھ برسوں سے سخت محنت اور کوششوں سے ٹاپ پوزیشن حاصل کی ہے۔ یہ عمل ابھی مکمل نہیں ہوا ہے ہم ایشیا کپ اور پھر ورلڈ کپ جیتنا چاہتے ہیں۔آنے والے مہینے بہت دلچسپ اور مقابلے والے ہیں اور ہم اپنے ملک کیلئے اچھا کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔ ہر کھلاڑی اپنے ملک کیلئے جیتنا چاہتا ہے اور تمام کھلاڑی سخت اور مشکل حالات میں بھی بہترین صلاحیتیں دکھانے کیلئے تیار ہیں۔ پچھلے چند ماہ بہت اچھے گزرے ہیں اور یہ وقت اس تسلسل کو جاری رکھنے کا ہے۔ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ملتان میں ٹیسٹ اور ون ڈے ویسٹ انڈیز کیخلاف کھیلے تھے، افغانستان کیخلاف ٹیم اچھا کھیلی، کوشش کریں گے ایشیا کپ میں بھی اچھا کھیلیں۔ کرکٹ میں کسی ٹیم کو آسان نہیں لے سکتے ، ہم نے نیپال کی ٹیم کو دیکھا ہے اسکی سٹرنتھ اور کمزوری کو دیکھا ہے، لوگوں کی توقعات اور بڑھ گئی ہیں جوکہ ہمیں پوری کرنی ہیں۔ میرے خیال سے پورا ایشا کپ پاکستان میں ہوتا ہے تو اچھا ہوتا لیکن اب جو شیڈول ہے اسکے حوالے سے تیار ہیں ، ہمارے کوچز نے کھلاڑیوں نے ٹریول شیڈول کو دیکھ کر تیاری کی ہے ، باؤلرز اور بیٹرز دونوں نے افغانستان کیخلاف اچھا پرفارم کیا ، ایک میچ میں باؤلرز نے اور پھر بیٹرزنے اچھا پرفارم کیا۔ جب مجھے کپتانی ملی تھی تو میں نے کوشش کی تھی ٹیم کا مائنڈ سیٹ تبدیل کرنا ہے، ٹیم کی کامیابی کے حوالے سے سوچتا ہوں ، ہمارے سارے پلیئرز مختلف لیگز میں گئے ہوئے تھے، سب کو مختلف ٹاسک دیئے گئے تھے ، کوچز نے جس طرح پلیئرز کو دیکھا اور لے کر چلے بہت اچھا کام کیا۔ مجھے جو ٹیم اب ہے بیسٹ لگ رہی ہے ، ابھی ورلڈ کپ میں ٹائم ہے اگر کوئی تبدیلی کرنی پڑی تو ابھی چانس ہے۔ فی الحال ٹیم میں تبدیلی کا چانس نہیں ہے اس وقت بیسٹ سکواڈ کھیل رہا ہے۔تمام کھلاڑی پرفارمنس دینے کیلئے تیار ہیں، شائقین کی توقع پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔ ایشیا کپ کے بعد نگاہیں ورلڈ کپ پر ہوں گی۔ ٹیم کی فٹنس بھرپور ہے، قوم کو اچھی کارکردگی دیکھنے کو ملے گی۔ بطور کپتان بطور پاکستانی دنیا کی نمبر ون ٹیم کا حصہ ہونے پر فخر ہے۔نیپال کرکٹ ٹیم کے کپتان روہیت پاؤڈل نے کہاہے کہ ایشیا کپ کے افتتاحی میچ میں ورلڈ نمبر ون ٹیم کا سامنا ہے اس لحاظ سے میچ جیتنے کی پلاننگ کی ہے۔ ملتان میڈیا سنٹر میں پری ایشیا کپ میڈیا کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ ہماری نیپال ٹیم کیلئے یہ کامیابی ہے کہ ہم ایشیا کپ کھیل رہے ہیں۔دونوں ٹیموں میں تجربے کا بہت فرق ہے، پاکستان ایک تجربہ کار ٹیم ہے دونوں ٹیموں کے پاس بہترین باؤلر اور بیٹرز ہیں، ہم نے کامیابی کیلئے کافی تیاری کی ہیں، ہمیں اپنی باؤلنگ پر فوکس کی ضرورت ہے۔ہم پاکستان کی میزبانی کو بہت انجوائے کر رہے ہیں۔پاکستان میں پہلی دفعہ کھیل رہے ہیں اور میرا خیال ہے کہ یہاں کی وکٹ بہت اچھی ہے۔