• news

ہاکی لیجنڈ منظور جونیئر کی برسی ‘تعزیتی اجلاس‘خراج عقیدت پیش

لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان ہاکی لیجنڈ منظور جونیئر کو دارفانی سے گذرے ایک سال ہوگیا۔ پاکستان کے قومی کھیل ہاکی کے ذریعہ دنیا بھر میں نام کمایا۔ پاکستان کیلئے دنیائے ہاکی کے اعلیٰ ترین اعزازات جیتنے والے پرائیڈ آف پرفارمنس اولمپین منظور حسین جونیئر گذشتہ سال 29 اگست 2022 کو دل کے دورہ کے باعث زندگی کا میچ ہار گئے تھے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن اور پنجاب ہاکی ایسوسی ایشن کے زیراہتمام مرحوم کی خدمات کو خراج پیش کرنے کیلئے انکی برسی پر تعزیتی اجلاس کانفرنس روم پاکستان ہاکی فیڈریشن ہیڈ کواٹرز لاہور میں منعقد کیا گیا۔  منظور حسین جونیئر کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کرائی گئی۔ سیکرٹری پنجاب ہاکی ایسوسی ایشن لیفٹیننٹ کرنل ر محمد آصف ناز کھوکھر نے  مرحوم کی پاکستان بالخصوص پنجاب ہاکی کیلئے خدمات کو سراہا۔ اجلاس میں آصف ناز کھوکھر، طاہر شریف گجر، رائے عثمان اکبر کھرل، رانا محمد شفیق، شجاع اقبال راجہ، سید علی عباس، حافظ محمد ارشد، محمداکرام گجر، محمد فاروق، ملک محمد اکبر، ہارون بٹ، طارق بٹ، بابا شفیق خان موجود تھے۔ اجلاس کے بعد حاضرین نے اولمپین منظور حسین جونیئر کے قبر پر حاضری دی اور چادر پوشی و گل پاشی کے بعد فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر کوآرڈینیشن و ایڈمنسٹریشن پی ایچ ایف میجر ر جاوید ارشد منج نے صدر پی ایچ ایف برگیڈیئر ر خالد سجاد کھوکھر، سیکرٹری جنرل پی ایچ ایف حیدر حسین کی جانب سے اولمپین منظور حسین جونیئر کے بیٹے فیصل منظور، نبیل منظور، بھائی مقصود حسین انٹرنیشنل، داماد مکرم مختار کو تعزیتی پیغام پہنچایا۔

ای پیپر-دی نیشن