سی پی گوادر کی سکیورٹی یقینی بنانے کیلئے پاک بحریہ کی ذمہ داری اہم: نگران وزیراعظم
اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے تمام خطرات اور چیلنجز سے نمٹنے کے لئے پاک بحریہ کی کاوشوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے بحری دفاعی صلاحیتوں میں اضافہ کے لئے تمام دستیاب وسائل فراہم کرنے کے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ بدھ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے پاک بحریہ کی جنگی مشق شمشیرِ بحر کی ڈی بریفنگ میں شرکت کی۔ پاکستان بحریہ کی نویں جنگی مشق شمشیرِ بحر کی ڈی بریف کراچی میں منعقد ہوئی۔ مہمان خصوصی نگران وزیراعظم کی آمد پر امیر البحر ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے قومی دفاعی پالیسی کے مطابق عسکری حکمت عملی کی توثیق کے لئے جنگی مشقوں کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے فورس کمانڈرز کے مشق کے سلسلے میں تجزیہ کی تعریف کی جو پاکستان کی میری ٹائم سکیورٹی اور سمندری دفاع کو مضبوط بنانے میں مدد فراہم کرے گا۔ انہوں نے سی پیک اور گوادر پورٹ کی سکیورٹی کو یقینی بنانے میں پاک بحریہ کی بڑھتی ہوئی ذمہ داریوں پر بھی روشنی ڈالی۔ وزیراعظم نے تمام خطرات اور چیلنجز سے نمٹنے کے لئے پاک بحریہ کی کاوشوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور بحری دفاعی صلاحیتوں میں اضافہ کے لئے تمام دستیاب وسائل فراہم کرنے کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔ قبل ازیں ڈپٹی چیف آف نیول سٹاف (آپریشنز) نے جنگی مشق کے مقاصد پیش کئے۔ مشق کی ڈی بریف میں اعلیٰ سطح کے سرکاری حکام اور تینوں مسلح افواج کے سینئر افسران نے شرکت کی۔ دریں اثناء نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ سے سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے ملاقات کی۔ بدھ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق سلیم مانڈوی والا نے انوار الحق کاکڑ کو وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔