2 لاکھ سے زائد پولیس افسروں ‘ و اہلکاروں کی ہیلتھ سکریننگ مکمل
لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس فورس کی ہیلتھ ویلفیئر کیلئے جاری خصوصی اقدامات بارے کہا ہے کہ 2 لاکھ سے زائد پولیس افسران و اہلکاروں کی ہیلتھ سکریننگ مکمل کر لی گئی جبکہ فیملیز کی سکریننگ بھی جاری ہے، آئی جی پنجاب نے کہا کہ تمام اضلاع میں پولیس فورس کی نفسیاتی پروفائلنگ جاری، مختلف عوارض کا شکار 15 ہزار سے زائد اہلکاروں کا علاج معالجے بھی شروع ہو چکا ہے۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ محکمہ صحت کے تعاون سے پولیس ویلفیئر ہسپتالوں میں ان ڈور، آؤٹ ڈور سروسز کا آغاز ہو چکا اور اب دور دراز اضلاع کے کانسٹیبلز کے علاج معالجے کیلئے ٹیلی میڈیسن کا آغاز کر رہے ہیں۔ لاہور پولیس ویلفیئر ہسپتال کو کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کا حصہ بنانے پر وزیر اعلیٰ کے شکر گذار ہیں جبکہ پولیس ویلفیئر ہسپتال کو اپ گریڈ کرنے پر وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم، سیکرٹری ہیلتھ علی جان اور وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے بھی شکر گذار ہیں۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ پولیس ویلفیئر ہسپتال میں سینئر ڈاکٹرز ہفتہ وار شیڈول کے مطابق کانسٹیبلز اور انکی فیملیز کو علاج معالجے کی سہولیات فراہم کر رہے ہیں، لاہور پولیس لائنز ویلفیئر ہسپتال کی طرز پر راولپنڈی اور گوجرانوالہ میں پولیس ہسپتالوں کو بھی اپ گریڈ کیا جا رہا ہے۔ صحت مند فورس شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کا عمل بہتر انداز میں ادا کرسکتی ہے، ہیلتھ ویلفیئر کیلئے مزید اقدامات جاری رہیں گے۔