• news

ایشیا کپ، بنگلہ دیش، سری لنکا آج مدمقابل، پاکستان ٹیم کولمبو چلی گئی

لاہور(سپورٹس رپورٹر)ایشیا کرکٹ کپ میں آج دوسرا میچ سری لنکا اور بنگلہ دیش کے درمیان سری لنکن شہر پالی کیلے میں کھیلا جائے گا۔ میچ دن اڑھائی بجے شروع ہوگا۔افغانستان اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں 3ستمبرکو قذافی سٹیڈیم لاہورمیں دن اڑھائی بجے مد مقابل ہونگی ۔ کل یکم ستمبر کو ایونٹ میں کوئی میچ نہیں کھیلا جائے گا۔ نیپال کے خلاف میچ کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم سری لنکا روانہ ہوگئی۔پاکستان کرکٹ ٹیم رات 3 بجے چارٹرڈ طیارے کے ذریعے کولمبوکیلئے روانہ ہوئی ۔ پاکستان ٹیم کولمبو سے بس کے ذریعے کینڈی روانہ ہوگی۔جمعہ کو پالی کیلے سٹیڈیم میں قومی ٹیم شام 6 بجے سے 8 بجے تک ٹریننگ سیشن میں حصہ لے گی۔پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑا میچ 2 ستمبر کو کینڈی میں کھیلا جائے گا۔میچ دن اڑھائی بجے شروع ہوگا۔ایشیا کپ کے سب سے بڑے مقابلے کیلئے کینڈی میں گہماگہمی شروع ہوگئی ہے ۔کرکٹ کے چاہنے والے بڑی تعداد میں کینڈی پہنچ گئے ہیں ۔کینڈی میں تمام ہوٹل پہلے سے ہی بک کئے جاچکے ہیں۔سری لنکا ٹورزم ڈیپارٹمنٹ نے کینڈی کے رہائشیوں کو پیشکش دی ہے کہ وہ   اپنے گھر کا کمرہ کرکٹ فینز کو کرائے پر دے سکتے ہیں ۔کرکٹ فینز کو بہتر سہولیات دینے کیلئے یہ پیشکش دی گئی ہے ۔جو شہری بھی اپنا کمرہ کرائے پر دیگا  وہ ٹورزم ڈیپارٹمنٹ میں رجسٹریشن کرائے گا۔لاہور میں ایشیا کپ کے سکیورٹی انتظامات کیلئے لگائے گئے کیمروں کا سامان چوری ہوگیا۔نجی کمپنی کے منیجر نے تھانہ گلبرگ میں سامان چوری ہونے کی درخواست جمع کرا دی۔درخواست گزار کا کہنا ہے کہ ڈپٹی کمشنر کے حکم پر شاہراہوں پر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کی ذمہ داری ملی تھی۔ ملزمان نے گزشتہ رات گئے بجلی کی تاریں، فائبر تاریں اور لائٹ ٹاور چرا لیاہے ۔ بھارتی کرکٹ ٹیم ایشیا کپ میں شرکت کیلئے سری لنکا پہنچ گئی۔بھارتی کرکٹ ٹیم کولمبو سے کینڈی پہنچی۔

ای پیپر-دی نیشن