• news

بجلی چوروں کیخلاف کریک ڈاؤن ہوگا، سمگلنگ برداشت نہیں کریں گے: وزیر داخلہ

اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے+ نوائے وقت رپورٹ) نگران وفاقی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں کہا ہے کہ بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائے گا۔ آئی ایم ایف کے ساتھ بجلی بلوں کے معاہدوں کے خلاف اقدامات نہیں کر سکتے۔ ہم وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے ملکر بجلی چوری روکنے کیلئے اقدامات کریں گے۔  نگران وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی کی زیر صدارت سمگلنگ کی روک تھام کے حوالے سے اجلاس ہوا۔ نگران وزیر داخلہ نے وزیراعظم کی ہدایت پر اجلاس طلب کیا۔ اجلاس میں سیکرٹری داخلہ عبداللہ خان سنبل، ڈی جی ایف آئی اے محسن حسن بٹ، فیڈرل بورڈ آف ریونیو، وزارت  تجارت اور وفاقی و صوبائی اداروں کے دیگر  نمائندگان نے بھی شرکت کی۔ نگران وزیر داخلہ نے کہا کہ چینی اور کھاد سمیت اشیائے ضروریہ کی ملک سے باہر سمگلنگ ہماری معیشت پر اضافی بوجھ ڈال رہی ہے۔ سمگلنگ کی وجہ سے قیمتوں میں اضافہ عوام کی مشکلات کو بھی بڑھا رہا ہے۔ چینی اور یوریا سے متعلق واضح حکمت عملی بنانے کی ضرورت ہے۔ سرفراز احمد بگٹی نے کہا کہ دیگر زرعی اور اشیائے ضروریہ کی سرحد پار سمگلنگ کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔ سب سے پہلے تو جو لوگ اس غیر قانونی کام سے منسلک ہیں اور اس میں سہولت کار ہیں ان کے خلاف کارروائی عمل میں لانا ہوگی۔ نگران وزیر داخلہ نے کہا کہ جوائنٹ چیک پوسٹس اور جوائنٹ پٹرولنگ پر عملدرآمد کو مکمل طور پر فعال بنایا جائے۔

ای پیپر-دی نیشن