چین اور امریکہ باہمی کامیابیاں اور مشترکہ خوشحالی بھی حاصل کر سکتے ہیں:چینی صدر
بیجنگ (این این آئی)چین کے صدر شی جن پھنگ نے کہا ہے کہ چین اور امریکہ باہمی کامیابیاں اور مشترکہ خوشحالی بھی حاصل کر سکتے ہیں،جمعرات کے روز چینی میڈ یا کے مطا بق شی جن پھنگ نے اس بات پر زور دیا کہ ماضی پر نظر ڈالیں تو چین اور امریکہ نے جاپانی فاشزم کے خلاف مزاحمت کرنے اور عالمی امن کے لیے مل کر جدوجہد کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل کی طرف دیکھتے ہوئے چین اور امریکہ باہمی کامیابیاں اور مشترکہ خوشحالی بھی حاصل کر سکتے ہیں۔ شی جن پھنگ نے کہا کہ چین اور امریکہ کے تعلقات کی بنیاد اور طاقت عوام کی دوستی میں مضمر ہے۔ دونوں ممالک کے عوام کو باہمی تبادلوں کو مستحکم کرنے، افہام و تفہیم کو بڑھانے اور باہمی تعاون کو وسعت دینے کی ضرورت ہے تاکہ دوطرفہ تعلقات کی ترقی میں مسلسل نئی قوت ڈالی جا سکے۔ان خیا لات کا اظہار چینی صدر نے امریکی جنرل سٹلویل کے پوتے جان ایسٹ بروک کے نام ایک جوابی خط میں کیا۔ شی جن پھنگ نے جنرل سٹلویل کی کہانی شیئر کرنے پر ایسٹ بروک اور سٹلویل خاندان کے چین کے ساتھ کئی نسلوں کے دوستانہ تعلقات اور تبادلوں کے اشتراک پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ اس سے امریکی اور چینی عوام کی دوستی کو محسوس کرتے ہیں۔