• news

پولیس مقابلے، ڈسکہ میں 3، کاہنہ میں ایک ڈاکو ہلاک، 7 فرار

کاہنہ؍ڈسکہ (نامہ نگار/ نمائندہ خصوصی)  3 ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گئے۔ ترجمان سیالکوٹ پولیس کے مطابق 2 موٹر سائیکلوں پر سوار 6 ڈاکوؤں نے ڈسکہ کے نواحی گائوں گولیاں چوک میں اسلحہ کے زور پر شہری سے موٹر سائیکل اور نقدی چھیننے کی واردات کی۔ اطلاع پر پولیس نے ملزمان کا تعاقب کیا تو روڈالہ روڈ پر موٹر وے پل کے قریب ڈاکوؤں نے پولیس  سے سامنا ہونے پر فائرنگ کر دی۔ کچھ دیر بعد فائرنگ رکنے پر جائزہ لیا تو 3 ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو چکے تھے جبکہ 3 ڈاکو اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گئے۔ ہلاک  ڈاکوؤں کی شناخت جاوید عرف جیدا‘ اشرف عرف تلیر‘ عدنان منور کے ناموں سے ہوئی ہے جو ڈکیتی، چوری، راہزنی جیسے متعدد سنگین مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ہیں۔ ملزمان  جھاورانوالہ میں کانسٹیبل ہارون کو زخمی کرنے میں بھی ملوث ہیں۔ دریں اثناء کاہنہ میں پانچ  ڈاکو گن پوائنٹ پر شانو بابا گول چکر پر شہریوں کو لوٹ رہے تھے کہ اطلاع ملنے پر ڈولفن پولیس کے اہلکار موقع واردات پر پہنچ گئے۔ڈولفن ٹیم کو دیکھتے ہی ڈاکو گاڑی میں بیٹھ کر اندھا دھند فائرنگ کرنے لگے۔ ایک ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گیا۔ چار ڈاکو فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ ہلاک ہونے والے ڈاکو کے قبضہ سے پستول اور ایک موٹر سائیکل برآمد ہوئی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن