رائل نیوی کے جہاز کا دورہ، مشترکہ بحری مشق میں شرکت
کراچی(سٹاف رپورٹر)رائل نیوی کے ہیلی کاپٹر بردار بحری جہاز ایچ ایم ایس لنکاسٹر نے کراچی کا دورہ کیا اور پاک بحریہ کے ساتھ مشترکہ مشق وائٹ اسٹار IV میں حصہ لیا۔ کراچی بندرگاہ آمد پر رائل نیوی کے بحری جہاز کا پاک بحریہ اور برطانوی ہائی کمیشن کے اعلیٰ حکام نے استقبال کیا۔ بندرگاہ کا دورہ مکمل ہونے پر پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس تیمور، پی این ایس اصلت، پاکستان نیوی میری ٹائم پٹرول ایئر کرافٹ، ہیلی کاپٹرز اور پاک فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے رائل نیوی کے بحری جہاز اور ہیلی کاپٹر کے ساتھ دو دنوں پر مشتمل مشترکہ مشق میں حصہ لیا۔ دوطرفہ مشق میں متعدد جدید آپریشنل مشقوں کا احاطہ کیا گیا جس میں میری ٹائم وارفیئر، آپریشنز، لائیو گنری فائرنگ اور غیر روایتی خطرات کے خلاف دفاع کے اہم پہلو شامل تھے۔ مشق کا مقصد تجربات کے باہمی تبادلے کے ذریعے تعاون کو فروغ دینا اور دونوں بحری افواج کے درمیان باہمی تعاون کو بہتر بنانا ہے۔ وائٹ اسٹار مشق علاقائی امن و استحکام اور باہمی تعاون کو بڑھانے کے لیے پاک بحریہ کے عزم کا مظہر ہے۔ رائل نیوی کے بحری جہاز کے دورے اور مشقوں کے انعقاد سے دونوں بحری افواج کے درمیان تعلقات مزید مضبوط ہونگے۔ بحری جہاز کے دورے کے ساتھ ہی ڈپٹی کمانڈر کمبائنڈ میری ٹائم فورسز کموڈور فلپ ایڈورڈ ڈینس نے بھی پاکستان کا دورہ کیا اور پاک بحریہ کے اعلی افسران سے ملاقاتیں کی۔ ملاقاتوں کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی میری ٹائم سیکیورٹی کو بڑھانے کے لیے مستقبل میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔