ملک سول نافرمانی کی طرف بڑھ رہا ہے، الیکشن کب ہونگے کوئی نہیں جانتا:شیخ رشید
راولپنڈی (آئی این پی ) سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ملک سول نافرمانی کی طرف بڑھ رہا ہے، الیکشن کب ہونگے ابھی تک کوئی نہیں جانتا۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس(ٹوئٹر) پر شیخ رشید کا کہنا تھا کہ 13 جماعتیں جو ملک کو معاشی مسائل کے سمندر میں ڈبو کر گئی ہیں وہ بھی اب مگرمچھ کے آنسو رو کر احتجاج کا حصہ بننے کی کوشش کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نگران وزیر خزانہ بھی بول پڑی ہیں کہ معاشی اور اقتصادی مسئلہ سنگین ہوتا جا رہا ہے اور 24 کروڑ لوگ آئی ایم ایف کے رحم و کرم پر ہیں، جب تک سیاسی استحکام نہیں ہوگا اس وقت تک معاشی اور اقتصادی استحکام نہیں آ سکتا۔ سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہا ہے کہ 2023 آئین اور عدلیہ پر عملدرآمد کے لحاظ سے تاریک ترین سال ہے یہ کہہ کر انہوں نے سمندر کو کوزے میں بند کر دیا ہے۔ سربراہ عوامی مسلم لیگ نے مزید کہا کہ 85 روپے پر چینی ایکسپورٹ کرنے کی اجازت دی اور 220 روپے پر چینی امپورٹ کرنے جا رہے ہیں، 75 سال سے چینی مافیا اور آٹا مافیا نے ہمیشہ غریب کو لوٹا، غریب کا خون چوس کر اپنے مفادات حاصل کئے۔