• news

پٹرول پمپ ڈیلرز نے کمیشن نہ بڑھانے پر ہڑتال کی دھمکی دے دی

 کراچی؍ اسلام آباد (نامہ نگار+ کامرس رپورٹر) پٹرولیم ڈیلرز نے ہڑتال کی دھمکی دے دی۔ پٹرول پمپ ڈیلرز نے سابق وزیر پٹرولیم مصدق ملک کے وعدے کے باوجود ڈیلرز کمیشن نہ بڑھانے پر ہڑتال کی دھمکی دیدی۔ پاکستان پٹرولیم ایسوسی ایشن کے مرکزی چیئرمین عبدالسمیع خان نے کہا ہے کہ یکم ستمبر تک ڈیلر کا مارجن بڑھانے کی ڈیڈ لائن دی گئی تھی۔ حکومت اور دیگر ذمہ داران نے بیٹھ کر ہمارے ساتھ تحریری معاہدہ  کیا تھا کہ چار حصوں میں کمیشن بڑھایا جائے گا لیکن اس معاہدے کے باوجود وزارت پٹرولیم کی جانب سے ڈیلر مارجن میں اضافہ نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ ڈیلر مارجن کیساتھ ہم پٹرول پمپ نہیں چلا سکتے، اخراجات کا تناسب بہت بڑھ چکا ہے۔ عبدالسمیع خان نے کہا کہ ڈیلر مارجن فوری طور پر بڑھانے کا فیصلہ نہیں کیا تو ہم ہڑتال کی طرف جائیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن