بنوں خودکش حملہ، شہید جوان فوجی اعزاز کیساتھ آبائی علاقوں میں سپرد خاک
بنوں‘ اسلام آباد‘ لاہور (نوائے وقت رپورٹ‘ این این آئی‘ نمائندہ خصوصی) بنوں جانی خیل میں گزشتہ روز خودکش دھماکے میں شہید ہونے والوں کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔ نماز جنازہ میں اعلیٰ حاضر سروس فوجی اور سول افسران نے شرکت کی۔ شہداء کو فوجی اعزاز کے ساتھ ان کے آبائی علاقوں میں سپردخاک کیا جائے گا۔ دوسری جانب خودکش دھماکے کی فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) تھانہ سی ٹی ڈی میں درج کر لی گئی ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق جانی خیل میں سکیورٹی فورسز کے قافلے پر موٹرسائیکل پر سوار کالعدم تنظیم کے دہشت گرد نے خودکش حملہ کیا۔ حملے میں سکیورٹی فورسز کے متعدد جوان شہید اور زخمی ہوئے۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بنوں کے علاقے جانی خیل میں فوجی قافلے پر ہونے والے خودکش حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے حملے میں قیمتی جانی نقصان پر گہرے رنج وغم کا اظہار کیا ہے۔ اپنے مذمتی بیان میں صدر مملکت نے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے قومی عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی بہادر سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کوششیں جاری رہیں گی۔ انہوں نے شہداء کو وطن کی خاطر جان کا نذرانہ پیش کرنے پر خراج عقیدت کیا۔ ڈاکٹر عارف علوی نے شہداء کے بلندی درجات کی کیلئے دعا کی اور لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے ان کے صبر کیلئے بھی دعا کی۔ این این آئی کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما وسابق وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے بنوں میں 9 فوجی جوانوں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ خودکش حملے میں 9 فوجی جوانوں کی شہادت پر دل غمزدہ اور بوجھل ہے، وطن کی حفاظت کے لئے اپنی جانیں نچھاور کرنے والوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ اپنے بیان میں حمزہ شہباز نے کہا کہ دہشتگردی کے ناسور کو پہلے بھی ختم کیا تھا اور آگے بھی اسے جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔ اللہ تعالی سے دعا ہے کہ شہدا ء کے اہل خانہ کو صبر جمیل اور زخمیوں کو جلد از جلد صحتیابی عطا فرمائے۔