• news

میرانشاہ، تیرہ: آپریشن، جھڑپ، میجر، سپاہی اور حولدار شہید، 2 دہشتگرد ہلاک

 اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) خیبرپی کے کے علاقے تیراہ میں فوجیوں اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے نتیجے میں ایک دہشتگرد جہنم واصل ہو گیا جبکہ ایک حوالدار نے جام شہادت نوش کر لیا۔ میرانشاہ میں آپریشن کے دوران میجر اور سپاہی شہید ہو گئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق  فوجیوں نے مؤثر طریقے سے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں دہشت گرد مارا گیا۔ ہلاک ہونے والا دہشت گرد سکیورٹی فورسز کیخلاف دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں اور معصوم شہریوں کے قتل میں سرگرم رہا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران صوابی کے رہائشی 36 سالہ حوالدار منتظر شاہ نے بہادری سے لڑتے ہوئے شہادت کو گلے لگا لیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے میران شاہ میں آپریشن کیا۔ اس دوران سکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ میجر عامر عزیز اور سپاہی محمد عارف شہید ہو گئے۔ سپاہی عارف کی عمر 27 سال اور تعلق ضلع ساہیوال سے تھا۔ سکیورٹی فورسز نے میرانشاہ میں دہشتگردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا۔ میجر عامر فرنٹ سے دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کی قیادت کر رہے  تھے۔ میجر عامر نے دہشت گردوں کی پارٹی کو روکا۔ آپریشن کے دوران ایک دہشت گرد ہلاک، ایک زخمی ہو گیا۔ شہید میجر عامر کی  عمر 29 سال اور سرگودھا کے رہائشی تھے۔

ای پیپر-دی نیشن