ریلوے، ٹرانسپورٹرز نے کرائے بڑھا دئیے، ایل پی جی 38.9 روپے کلو مہنگی، ڈالر کی قیمت میں 5 روپے اضافہ
اسلام آباد+ لاہور+ کراچی (کامرس رپورٹر +نامی نگار+نوائے وقت رپورٹ) آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے تیل کی قیمتوں میں اضافے کے بعد ایل پی کی قیمتوں میں بھی اضافہ کردیا۔ قیمتوں میں اضافے کے بعد فی کلو ایل پی جی 38 روپے97 پیسے مہنگی ہوگئی۔ اوگرا نے ایل پی جی کی قیمت میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ قیمتوں میں اضافے کے بعد ایل پی جی کے 11.8 کلو کا گھریلو سلنڈر 459 روپے 85 پیسے مہنگا ہوکر 2 ہزار 833 روپے 49 پیسے کا ہو گیا۔ اوگرا نوٹیفکیشن کے مطابق فی کلو ایل پی جی کی نئی قیمت 240 روپے 12 پیسے مقرر کی گئی ہے جبکہ قیمتوں میں اضافے کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔ دوسری طرف ڈالر کی قدر میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ جمعہ کو اوپن مارکیٹ میں ڈالر 5 روپے کی بڑی چھلانگ لگاتے ہوئے 328 روپے کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔ کاروباری ہفتے کے آخری روز انٹربینک میں ڈالر کی قدر 8 پیسے کی کمی سے 305 روپے 46 پیسے کی سطح پر آئی تاہم بعد میں کمی و بیشی کا رجحان جاری رہا۔ دوپہر تک ڈالر کی قیمت 27 پیسے اضافے کے ساتھ 305 روپے 80 پیسے کی سطح پر آ گئی تھی۔ رپورٹ کے مطابق انٹرسٹی کرایوں میں کم از کم 200روپے تک اضافہ کردیا گیا۔ شہر میں چلنے والے رکشوں اور ویگنوں کے کرائے بھی بڑھا دئیے گئے جس کی وجہ سے مسافروں اور ٹرانسپورٹرز میں تو تکرار ہوتی رہی۔ لاہور سے اوکاڑہ، لیہ،گوجرانوالہ، عارفوالہ، فیصل آباد جانے والی ٹرانسپورٹ کے کرائے 100روپے تک بڑھائے گئے ہیں۔ ملتان، اسلام آباد اور کراچی جانے والی ٹرانسپورٹ کمپنیوں نے کرایوں میں 200 روپے تک اضافہ کیا گیا ہے۔ پاکستان ریلوے کی جانب سے کرایوں میں 5 فیصد اضافہ کر دیا گیا ہے۔ اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ ٹرینوں کے کرایوں میں اضافے پر عملدرآمد 2 ستمبر سے ہوگا۔ آل پاکستان پبلک ٹرانسپورٹ اونرز فیڈریشن کے ترجمان ایچ ایم جہانگیر نے کہا ہے کہ ڈیزل کی قیمت میں اضافے کے تناسب سے کرایوں میں اضافے پر مجبور ہیں۔ ایچ ایم جہانگیر نے کہا ہے کہ دو چار روز میں بسیں کھڑی کرنے کا اعلان کر دیں گے۔ 50 فیصد بسیں پہلے ہی کھڑی کر چکے ہیں۔لاہور +کراچی+ پشاور+راولپنڈی+ گوجرا نوالہ+ (نامہ نگاران‘ نمائندگان‘ سٹاف رپوٹر + کامرس رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) ملک بھر میں بجلی کے زائد بلوں کے خلاف مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔ سیاسی جماعتوں اور تاجروں نے ملک کے دیگر حصوں میں احتجاج اور شٹرڈائون ہڑتال کی۔ جماعت اسلامی نے کراچی میں صرف خواتین کی ایک بڑی ریلی نکالی۔ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے حیدرآباد میں ایک ریلی نکالی اور صوبہ بھر میں مظاہرے کئے۔ میرپور خاص میں بجلی کے زائد بلوں کے خلاف تاجر ایسوسی ایشن کی کال پر مکمل شٹرڈائون ہڑتال ہوئی جبکہ تاجر برادری نے بھی آج ہڑتال کرنے کا اعلان کیا ہے۔ جماعت اسلامی کے شعبہ خواتین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طورپر بجلی کے نرخوں کی پالیسی پر نظرثانی کرے۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کراچی کے سربراہ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ بھاری بلوں کے معاملے پر نگران حکومت کی نااہلی اور سرد مہری نے کراچی کی مائوں بہنوں کو سڑکوں پر آنے پر مجبور کر دیا۔ ایم کیو ایم پاکستان نے سندھ بھر میں احتجاجی مظاہرے کئے اور بجلی کے زائد بلوں اور بجلی کی طویل بندش کے خاتمے کا مطالبہ کیا۔ پارٹی کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ صوبے کے مختلف حصوں میں ہونے والے احتجاجی مظاہروں میں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی جنہوں نے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنمائوں کے ساتھ مل کر پاکستان بھر کے لوگوں کیلئے فوری ریلیف کا مطالبہ کیا۔ حیدرآباد میں ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ حیدرآباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (حیسکو) کے مظالم کو ختم کرنے کا وقت آگیا ہے۔ سکھر ایوان صنعت و تجارت کے صدر بلال وقارخان نے بجلی کے نرخوں میں اضافے‘ مہنگائی کے خلاف مظاہرے اور آل سکھر سمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹریز کے صدر حاجی ہارون میمن‘ سکھر سمال ٹریڈرز کے صدر حاجی محمد جاوید میمن کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ میرپور خاص میں مکمل شٹرڈائون ہڑتال کی گئی‘ تاہم دوپہر ایک بجے کے بعد تمام کاروباری مراکز دوبارہ کھل گئے اور تجارتی سرگرمیاں دوبارہ شروع ہو گئیں۔ آل پاکستان انجمن تاجران کی کال پر جی 9 مرکز کے علاوہ اسلام آباد کی تمام مارکیٹوں میں ہڑتال کا مشاہدہ کیا گیا۔ صدر انجمن تاجران اجمل بلوچ نے بتایا کہ ہڑتال کی وجہ غیر سیاسی ہے اور اس کا آئندہ انتخابات میں کوئی تعلق نہیں ہے۔ پنجاب کے مختلف اضلاع میں تاجروں نے بجلی کے نرخوں میں اضافے اور مہنگائی کے خلاف ہڑتا ل کی۔ رحیم یار خان میں ہڑتال کی کال جھگڑے کی شکل اختیار کر گئی جب ہڑتال کے معاملے پر 2 تاجر تنظیموں کے درمیان جھگڑے کے نتیجے میں 4 تاجر زخمی ہوگئے۔ ڈیرہ غازی خان میں ضلع مرکزی انجمن تاجران کی کال پر مختلف بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف شٹرڈائون احتجاج کیا گیا۔ آل پاکستان انجمن تاجران کی شٹرڈائون کال ضلع مظفر گڑھ میں انجمن تاجران جنوبی پنجاب کے جنرل سیکرٹری شیخ عامر سلیم کی قیادت میں کامیاب رہی۔ بجلی اور پٹرولیم مصنوعات کی آسمان کو چھوٹی قیمتوں کے خلاف اوکاڑہ‘ دیپالپور‘ رینالہ سمیت دیگر شہری مراکز میں بازار احتجاجاً بند رہے۔ آزادکشمیر کے دارالحکومت مظفر آباد اور اس سے ملحقہ نیلم اور جہلم وادیوں نے بجلی کے بلوں میں ظالمانہ ٹیکسوں اور نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے ماحولیاتی اثرات کے خلاف احتجاج میں شٹرڈائون اور پہیہ جام ہڑتال کی۔ بجلی کے نرخوں میں حالیہ اضافے کے خلاف تاجروں نے صوبے بھر میں شٹرڈائون ہڑتال کی اور سیاسی کارکنوں نے احتجاجی ریلیاں نکالیں۔ مظاہرین نے بینرز اٹھا رکھے تھے اور نعرے بازی کر رہے تھے جبکہ متعدد مظاہرین نے بلوں کو نذرآتش بھی کیا۔ صوبائی دارالحکومت پشاور میں تمام بڑے شاپنگ سنٹرز اور بازار بند کر دیئے گئے جہاں تاجروں نے سیاہ جھنڈے اور بینرز تھامے ہوئے تھے۔ قومی وطن پارٹی کے کارکنوں نے تاجروں سے ہاتھ ملایا اور چوک یادگار پر ریلی میں شرکت کی۔ مظاہرین نے بجلی کے بلوں کو آگ لگا دی اور حکومت مخالف نعرے لگائے۔ بجلی کے زائد بلوں کے خلاف تاجروںکا احتجاج نوویں روز میں داخل ہو گیا۔ جو چوک یادگار پر جمع ہوئے اور وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ عوامی بے چینی کو دور کرنے کیلئے بجلی کے نرخوںمیں کیا جانے والا بے تحاشا اضافہ واپس لیا جائے۔ عوامی نیشنل پارٹی کے کارکنوں نے سابق وزیر سید عاقل شاہ کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا اور بجلی کے بلوں کو آگ لگا دی جبکہ قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپائو نے چوک یادگار پر مظاہرے کی قیادت کی۔ بٹگرام سے نوائے وقت کے نامہ نگار نے بتایا کہ جماعت اسلامی نے علاقے کے مرکز اسلامی میں بجلی کے نرخوں میںحالیہ اضافے کے خلاف کثیرالجماعتی کانفرنس کا انعقاد کیا۔لاہور میں آل پاکستان انجمن تاجران اشرف بھٹی گروپ سمیت دیگر تاجر تنظیمیں بجلی کے بلوں اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کے خلاف آج کے روز شٹر ڈائون ہڑتال کریں گی۔ آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ معاشی حالات میں ملک ہڑتالوں کا متحمل نہیں ہو سکتا لیکن تاجروں اور عوام کیلئے جس طرح کے حالات پیدا کر دئیے گئے ہیں اس میں انتہائی اقدام اٹھانے پر مجبور ہوئے ہیں۔ حکومت نے پٹرولیم کی قیمتوں میں بھی ہوشربا اضافہ کر کے جلتی پر تیل کا کام کیا ہے۔ کوٹ رادھاکشن میں بھی مہنگی بجلی واضافی ٹیکسز، بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف عوام سڑکوں پر نکل آئی۔ تاجروں نے مکمل طور پر شٹر ڈاون کرنے کے بعد نہر والے پل پر شدید نعرے بازی کی۔ منڈی واربرٹن میں ریڑھی بانوں اور مزدوروں نے مہنگی بجلی اور بھاری ٹیکسز کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ ریڑھی بانوں نے حکومت اور لیسکو کیخلاف نعرے بازی کی۔ امیر جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی عارف شیرازی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج 2 ستمبر کو مہنگائی، پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف احتجاج کریں گے، قیادت موجود ہے، تاجروں کو دعوت دی گئی ہے۔ تاجروں کی کثیر تعداد نے اور مختلف یونینز کے رہنمائوں نے شرکت کی یقین دہانی کرائی ہے۔ کراچی میں تاجروں کی جانب سے بجلی کے اضافی بلوں‘ مہنگائی کے خلاف جمعہ کو شٹر ڈاون ہڑتال کے باعث شہر کی تھوک اور بڑی مارکیٹیں بند رہیں تاہم محلوں کی سطح پر چھوٹی دکانیں کھلی رہیں۔ جبکہ پبلک ٹرانسپورٹ معمول کے مطابق رواں دواں رہی۔ ’’قلعہ دیدار سنگھ پی پی54کے زیرِ اہتمام پریس کلب قلعہ دیدار سنگھ میں احتجاجی مظاہرہ کا انعقاد کیا گیا جس میں پاکستان مرکزی مسلم لیگ پی پی54کے نامزد امیدوار برائے صوبائی اسمبلی مہر رفیق احمد نے کہا بجلی کے مہنگے بل اور بڑھتی مہنگائی اب قابل برداشت نہیں ہیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی سٹی گوجرانوالہ کی جانب سے نگران حکومت کی طرف سے بجلی پٹرولیم اور گیس کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے خلاف حیدری انڈر پاس لے کر شیرانوالہ باغ جی ٹی روڈ گوجرانوالہ تک ریلی نکالی گئی جس کی قیادت صدر پاکستان پیپلز پارٹی سٹی گوجرانوالہ میاں ودود حسن ڈار اور جنرل سیکرٹری سٹی خالد حسین باجوہ نے کی نائب صدر سنٹرل پنجاب میاں اظہر حسن ڈار نے ریلی میں خصوصی شرکت کی۔ پیپلز پارٹی حافظ آباد کی جانب سے احتجاجی ریلی نکالی گئی جس کی قیادت ضلعی صدر، سابق ایم پی اے ملک وزیر احمد اعوان اور ضلعی سیکرٹری جنرل محمد ارشد مہند ایڈووکیٹ نے کی۔ احتجاجی ریلی میں بیرسٹر پیر سید وسیم الحسن نقوی، سید مصدق حسین غزنوی، محمد یٰسین سندھو سمیت پیپلز پارٹی کی ضلعی قیادت اور کارکنوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر مقررین کاکہنا تھا کہ بجلی کے بلوں میں ظالمانہ اضافہ اور ٹیکسوں کی وجہ سے عوام میں شدید غم وغصہ پایا جارہا ہے۔