• news

جلد انتخابات کیلئے حلقہ بندیوں کا دورانیہ کم، 30 نومبر تک مکمل کر لیں گے: الیکشن کمشن

اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) الیکشن کمیشن  نے سیاسی جماعتوں کی مشاورت و فیڈ بیک  اور حلقہ بندی کے کام کو جلد ازجلد مکمل کرنے کے لئے حلقہ بندی  کے دورانیے کو مزید کم کر دیا ہے۔ اب حلقہ بندی کی حتمی اشاعت مورخہ 30نومبر 2023ء کوہوگی۔ حلقہ بندی کے دورانیے کو کم کرنے کا مقصد جتنا جلدی ممکن ہو سکے الیکشن کا انعقاد ہے۔ اس تاریخ کو مدنظر  رکھتے ہوئے الیکشن کا شیڈول بھی اعلان کر دیا جائے گا۔ قبل ازیں الیکشن کمشن کا مشاورتی اجلاس گرینڈ ڈیمویٹک الائنس  (Grand Democratic Alliance) کے وفد سے ہوا۔ تفصیلات کے مطابق اجلاس کی صدارت سکندر سلطان راجہ چیف الیکشن کمشنر نے کی۔  اجلاس میں معزز ممبران الیکشن کمیشن کے علاوہ سیکرٹری ودیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔ گرینڈ ڈیمویٹک الائنس (GDA) کی طرف سے فہمیدہ مرزا، ڈاکٹر صفدر علی عباسی، کاشف نظامانی، ابن محمد شریک ہوئے جبکہ سردار عبد الرحیم اور عرفان اللہ خان مروت نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔ وفد نے الیکشن کمیشن  کے نئی  حلقہ بندی کرنے  کے فیصلہ کی مکمل  تائید کی اور کہا کہ حلقہ بندی  شفاف انتخابات  کی بنیاد  ہیں۔  لہذا نئی  مردم شماری  کے مطابق حلقہ  بندی کا کام  مکمل کیا جائے۔ اور انتخابات  نئی حلقہ بندی  کے بعد کروائے جائیں۔ مزید  یہ کہ انتخابی  فہرستوں  کی تجدید  بھی کی جائے تاکہ انتخابی فہرستوں  میں  ووٹ کا اندارج ، حذف اور درستگی  کرائی جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن  کے احکامات کے مطابق  تمام صوبائی  افسران کے  ٹرانسفر کو یقینی  بنایا جائے۔ چیف الیکشن کمشنر کے نگران  وزیراعلی کو خط  لکھنے کے باوجود ٹرانسفر پوسٹنگ  نہیں کی جا رہی ہیں۔  انہوں نے مزید کہا  کہ ریٹرننگ  آفیسر غیر  جانبدار  افسران  کو لگایا جائے۔ اگر ممکن ہو  تو ڈسٹرکٹ  الیکشن کمشنروں  اور مختلف  وفاقی سروسز  کے افسروں کو ریٹرننگ آفیسر تعینات  کیا جائے۔ مذکورہ بالا تمام انتظامات  کو مکمل  کرنے کے بعد الیکشن  شیڈول  کا اعلان کیا جائے۔ ادھر الیکشن کمیشن آف پاکستان کا حلقہ بندی کمیٹیوں سے متعلق دو روزہ ٹریننگ کا انعقاد، ٹریننگ یکم تا دو ستمبر تک جاری رہے گی۔ یہ دو روزہ ٹریننگ حلقہ بندیوں کی کمیٹیوں میں شامل 26 افسران کو پاکستان الیکٹورل اکیڈمی فار ڈیموکریٹک ریسرچ اینڈ مینجمنٹ، الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ اسلام آباد میں دی جا رہی ہے۔ الیکشن کمیشن کے ماہرین افسران کو ٹریننگ دے رہے ہیں۔ دوران ٹریننگ افسران کو لیگل فریم ورک برائے حلقہ بندی اور عالمی سطح کی حلقہ بندیوں کے اصولوں پر جامع تربیت دی جارہی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن