کسٹمز کی 2 بڑی کارروائیاں‘ 20 ٹرکوںسے چینی کی ہزاروں بوریاں ضبط
ڈیرہ اسماعیل خان (نوائے وقت رپورٹ)پاکستان کسٹمز نے ایک دن میں دو مختلف کارروائیاں کرتے ہوئے 20 ٹرکوں سے چینی کی ہزاروں بوریاں ضبط کر لیں جنہیں سمگل کیا جا رہا تھا۔ پاکستان کسٹمز کے فیلڈ انفورسمنٹ یونٹ کے عملے کی طرف سے چینی کی سمگلنگ کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈائون جاری ہے۔ ترجمان کسٹمز بلوچستان ڈاکٹر عطاء بڑیچ کے مطابق یہ کارروائی چیف کلکٹر اور کلکٹر انفورسمنٹ کی ہدایات پر بلوچستان خیبر پی کے بارڈرپرانجام دی گئیں۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ دانا سر ڈیرہ اسماعیل خان سے آنے والے 15 ٹرکوں پر مشتمل بڑے کاروان کو روک کر 8 ہزار 206 بوریاں چینی ضبط کی گئیں۔ یہ چینی بغیر پرمٹ اندرون صوبہ بلوچستان اور بعدازاں سرحدی علاقوں میں بھجوائی جا رہی تھی۔ کسٹمز کو اس کارروائی میں پولیس کا تعاون بھی حاصل تھا۔ پکڑے جانے والے سامان اور گاڑیوں کی مالیت تقریباً 70 کروڑ روپے ہے۔ چینی سمگلنگ کیلئے استعمال کرنے والی گاڑیاں بھی قبضے میں لے لی گئی ہیں۔ ترجمان کے مطابق کوئٹہ کسٹمز نے ماہ جولائی اور اگست کے دوران 1637.22 میٹرک ٹن چینی قبضے میں لی ہے۔