ایشیا کپ، بارش نے بھارت کو بچا لیا، میچ برابر، پاکستان سپر 4 میں
لاہور(سپورٹس رپورٹر ) ایشیا کپ میں پاکستان بھارت میچ بارش کی وجہ سے مکمل نہ ہوسکا‘دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دیدیا گیا‘پاکستان تین پوائنٹس کیساتھ سپر فور مرحلہ میں پہنچ گیا ‘بارش نے بھارت کو شکست سے بچا لیا ۔ پالی کیلے سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بارش کی وجہ سے کھیل روکنا پڑا تاہم اوورز کم نہیں کئے گئے اور میچ دوبارہ شروع کیا گیا ۔ پہلی اننگز کے خاتمے کے بعد بارش دوبارہ شروع ہوگئی ۔ امپائرز نے بارش رکنے کا انتظار کیا اور فیلڈ کا معائنہ کرنے کے بعد کھیل شروع کرنے کا اعلان کیا تاہم بارش دوبارہ شروع ہو گئی ۔امپائرز نے بارش رکنے کاانتظار کیا ‘بار ش رکی مگر فیلڈ گیلی ہونے کی وجہ سے دوسری اننگز کا کھیل ممکن نہ ہوسکا ۔ایونٹ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ایک اور مقابلہ متوقع ہے ۔ سری لنکا کے پالی کیلے سٹیڈیم میں بھارتی کپتان روہت شرما نے ٹاس جیت کرپہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔بھارتی ٹیم نے 48 اعشاریہ 5 اوورز میں 266 رنز بنا کرآؤٹ ہوگئی۔بھارتی بیٹنگ لائن پاکستان بائولرز کے سامنے ابتدا سے ہی دباؤ کا شکار رہی، کپتان روہت شرما ٹیم کے مجموعی 15 سکور پر شاہین کی گیند کا شکار ہوئے، روہت نے 22 گیندوں پر گیارہ رنز بنائے، شاہین نے کوہلی کو 4 رنز پر بولڈ کیا۔حارث رؤف نے شریس آئیر کو 14 رنز پر آؤٹ کیا، بھارت نے 3 وکٹوں پر 51 رنز بنائے تھے کہ ایک بار پھر بارش شروع ہو گئی جس کے باعث میچ روک دیا گیا۔بارش رکنے کے بعد میچ دوبارہ شروع ہوا تو شبمن گل کو حارث رؤف نے بولڈ کردیا۔ ہاردک پانڈیا اور ایشان کشن نے اننگز کو سنبھالا۔204 کے مجموعی سکور پر ایشان کشن 82 رنز بنا کر حارث رؤف کا شکار بنے جبکہ ہاردک پانڈیا 87 رنز بنا کر شاہین کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔رویندرا جدیجہ چودہ ‘شردل ٹھاکر تین ‘کلدیپ یادیو چار ‘جسپریت بمراہ سولہ رنز بناکر آئوٹ ہوئے ۔پوری ٹیم 266 رنز بنا کر 7 گیندوں قبل ہی آؤٹ ہوگئی۔ شاہین شاہ آفریدی نے 4 ‘ نسیم شاہ اور حارث رؤف نے تین‘ تین وکٹیں حاصل کیں۔