ٹریفک حادثات: ٹھٹھہ 7 ، سرگودھا میں 5 افراد جاں بحق
ٹھٹھہ ؍ سرگودھا؍ بھاگٹانوالہ (نوائے وقت رپورٹ+ نامہ نگار) ٹھٹھہ میں کینجھر جھیل کے قریب ماہی گیروں کی وین اور ٹرک کے تصادم میں 7 افراد جاں بحق ہوگئے۔ چلیا اور کینجھر جھیل کے درمیان قومی شاہراہ پر ماہی گیروں کو لے کر جانے والی وین مخالف سمت سے آنے والے ٹرک سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں 4 افراد موقع پر جاں بحق ہوگئے۔ زخمیوں کو سول ہسپتال مکلی منتقل کیا گیا جہاں ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ایک شخص دم توڑ گیا۔ وین کے مالک اور ایک اور شخص کو نازک حالت میں کراچی بھیجا گیا تاہم دونوں زخمیوں کو کراچی لے جانے والی ایمبولینس مہنگائی کے خلاف احتجاج میں گھگھر پھاٹک کے قریب پھنس گئی اور تاخیر سے ہسپتال پہنچنے کے باعث دونوں زخمیوں نے دم توڑ دیا۔ جبکہ لاہور روڈ پر احمدے والا کے قریب ڈمپر اور کیری ڈبہ میں خوفناک تصادم جس کے نتیجہ میں 5افراد جاں بحق جبکہ 3شدید زخمی ہوئے، زخمیوں کو طبی امداد کیلیے ٹی ایچ کیو ہسپتال بھاگٹانوالہ منتقل کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق فیصل آباد سے آتا ہوا کیری ڈبہ جوکہ سرگودھاجارہا تھا سرگودھا سے لاہور جاتے ڈمپرکو سامنے سے ٹکرا گیا جس کے نتیجہ میں کیری ڈبہ میں موجود سمن آباد فیصل آباد کے رہائشی 5افراد موقع پرجان کی بازی ہارگئے جبکہ شدید زخمی حالت میں 3 افراد کو گاڑی کاٹ کر نکالا گیا، ریسکیو ٹیمیوں موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو ٹی ایچ کیو ہسپتال بھاگٹانوالہ منتقل کیا۔ بعد ازاں شدید زخمی ہونے کی وجہ سے سرگودھا ریفر کر دیا گیا۔