• news

پہلی بار کوئی پارٹی نہیں مہنگائی ، بجلی کی قیمتیں عوام کوسڑکوں پرلارہی ہیں‘شیخ رشید

لاہور ( این این آئی) سربراہ عوامی مسلم لیگ وسابق وزیرداخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ پہلی مرتبہ کوئی سیاسی پارٹی یا کوئی سیاسی لیڈر لوگوں کو سڑکوں پر نہیں لارہا بلکہ بجلی اور پیٹرول کی قیمتیں ، بے روزگاری اور مہنگائی لوگوں کو سڑکوں پر لا رہی ہے،عدالتوں کے فیصلوں کو کوئی نہیں مان رہا، آئین وقانون مذاق بن کر رہ گیا ہے۔انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس ( سابقہ ٹوئٹر ) پر ایک بیان میں کہا کہ ڈالر کی ٹرپل سنچری کے بعد پیٹرول اور ڈیزل کی بھی ٹرپل سنچری ہو گئی ہے، جب اوپن مارکیٹ میں ڈالر 331روپے کا ہوگا تو بجلی کا بل ، کھانے کا تیل اور گاڑی کا تیل مہنگا ہوگا ، جتنی روپے کی قدر گرے گی اتنی مہنگائی بڑھے گی۔انہوں نے کہاکہ مسئلہ سیاسی نہیں رہا ، اقتصادی اور معاشی ہوگیا ہے، عوام کا نام ریاست ہیاور عوام ہی مہنگائی سے پگھل گئی ہے، الیکشن کب ہوتے ہیں یہ کسی کو معلوم نہیں لیکن مہنگائی جس طرح بڑھ رہی ہے گھر گھر میں اسکی پکار ہے اور گھروں میں مہنگائی کے ہاتھوں صف ماتم بچھی ہوی ہے کوی روکنے والا نہیں ہے۔شیخ رشید نے کہا کہ نگران وزیر خزانہ نے بھی ہاتھ کھڑے کر دیئے ہیں ، وہ کہتی ہیں کہ انہیں معلوم نہیں تھا کہ حالات اتنے خراب ہیں ، نہ بیوروکریسی کام کر رہی ہے نہ آئی ایم ایف بات مان رہی ہے۔ملکی حالات پر بات کرتے ہوئے شیخ رشید نے مزید کہا کہ نہ کارخانہ نہ دوکان چل رہی ہے، صرف ڈالر پر سٹہ بازی چل رہی ہے، نہ سرمایہ کاری نہ ترسیلات ، کارخانہ داری نہ دوکان داری ہے یہ خدا کو معلوم ہے اس مہنگائی  اور بیروزگاری کا حل کس کے پاس ہے، کسی کا فیصلہ کوئی نہیں مان رہا ، آئین اور قانون مذاق بن کر رہ گیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن