ڈاکوؤں نے لاکھوں روپے لوٹ لئے‘ مزاحمت پر فائرنگ‘ شہری زخمی
لاہور(نامہ نگار)شہر میں ڈاکوؤں اور چوروں نے متعددشہریوں سے لاکھوں روپے، طلائی زیورات، موبائل فون، موٹر سائیکلیں، گاڑیاں اور دیگر سامان لوٹ لیا جبکہ مزاحمت پر فائرنگ کر کے ایک شہری کوشدید زخمی کر دیا۔ ٹاؤن شپ میں ڈاکوؤں نے عادل بیٹے اسد سے موٹرسائیکل چھین لی جبکہ مزاحمت پر ڈاکوؤں نے فائر مار کراسد کوزخمی کردیا ۔فیکٹری ایریا میں چوروں نے نثارالحق کے گھر کے تالے توڑ کر 13لاکھ 89ہزار ،طلائی زیورات اور دیگر سامان، چوہنگ میں عبدالحمید کے گھرکے تالے توڑ کر 12لاکھ 75ہزار کے طلائی زیورات اور نقدی چوری کرلی ۔ ڈاکوؤں نے کوٹ لکھپت میں تنویر کے گھر گھس کر اہلخانہ کو یرغمال بناکر 4لاکھ90 ہزار ‘طلائی زیورات،موبائل فون اور دیگر سامان،نصیر آباد میں عنصر سے 2لاکھ 65ہزار اور موبائل فون،سرور روڈ میں محمود سے 50ہزار ،ٹھوکر نیاز بیگ چوک میں اصغرسے 30ہزار اور موبائل فون، سبزہ زار میں ریاض کی دکان سے 44ہزار اور موبائل فون، نصیر آباد میں غوث علی سے 45ہزار اور موبائل فون،اسلام پورہ میں میثم کی دکان سے 10ہزار اور موبائل فون،اچھرہ میں ضیا سے 6ہزار لوٹ لئے۔چوروں نے ماڈل ٹاؤن، لیاقت آباد، رائیونڈ اور ہربنس پورہ سے 4گاڑیاں جبکہ مصری شاہ، باغبانپورہ، برکی، ریس کورس، مزنگ، لوئر مال، مانگا منڈی اور نواںکوٹ سے 8موٹرسائیکلیں چوری کرلیں۔